تمام محکمے ڈینگی کی مکمل روک تھام کیلئے انسدادی کارروائیاں مزید تیز کریں، ڈپٹی کمشنر فیصل آباد

منگل 14 مئی 2024 18:34

فیصل آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 14 مئی2024ء) ڈپٹی کمشنر فیصل آباد عبداللہ نیئر شیخ نے کہا ہے کہ ضلع میں ڈینگی کی مکمل روک تھام کیلئے تمام متعلقہ محکمے اپنی انسدادی کارروائیوں کومزید تیز کریں ، لاروا کی افزائش کے خطرات موجود ہیں، کسی معمولی غفلت یا عدم توجہی کے متحمل نہیں ہو سکتے۔ انہوں نے یہ بات ایک اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کہی جس میں انسداد ڈینگی مہم پرعملدرآمد کی پیش رفت کاجائزہ لیا گیا۔

ڈپٹی کمشنر نے کہا کہ ڈینگی کی روک تھام کیلئے تمام محکموں کے ضلعی سربراہان اپنی ذمہ داریاں پوری کریں ۔انہوں نے کہا کہ وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز انسداد ڈینگی کے اقدامات کا براہ راست جائزہ لے رہی ہیں ، موجودہ ایام میں ڈینگی کی افرائش کو روکنا انتہائی اہم ہے اس سلسلے میں انسدادی اقدامات میں کوئی کمی نہیں ہونی چاہیے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ ڈینگی لاروا کی افزائش روکنے کے لئے قبرستانوں،کباڑ خانوں، پودوں کی نرسریوں،برساتی نالوں اور دیگر ذرائع کے علاوہ د ر ختو ں کے خلا اور سوراخوں کو اچھے طریقے سے بند کیا جائے۔

تمام محکمے اینڈ رائڈ فونز کے ذریعے اپنی سرگرمیوں کو باقاعدگی سے رپورٹ کریں۔ ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر ہیڈ کوارٹرز کاشف رضا اعوان،سی ای او ہیلتھ ڈاکٹر اسفندیار اور دیگر افسران بھی موجود تھے۔

فیصل آباد میں شائع ہونے والی مزید خبریں