سنٹرل ڈویلپمنٹ ورکنگ پارٹی نے فیصل آباد انٹیگریٹڈ اربن واٹر مینجمنٹ پروجیکٹ کے کانسیپٹ پیپر کی منظوری دے دی

جمعرات 23 مئی 2024 17:00

فیصل آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 23 مئی2024ء) منیجنگ ڈائریکٹر واسا عامر عزیز کی کاوشوں سے سنٹرل ڈویلپمنٹ ورکنگ پارٹی نے ''فیصل آباد انٹیگریٹڈ اربن واٹر مینجمنٹ اینڈ ایکو ری وائیٹلائزیشن پروجیکٹ'' کے کانسیپٹ پیپر کی منظوری دے دی ہے جس کیلئے ایشیائی ترقیاتی بنک ویسٹ واٹر ٹریٹمنٹ پلانٹ کے اس میگا پراجیکٹ کی فزیبلٹی تیار کرنے کیلئے 1.2 ملین ڈالر کی امداد فراہم کرے گا۔

ا س حوالے سے منیجنگ ڈائریکٹر واسا نے کہا کہ پراجیکٹ ڈائریکٹر ثاقب رضا اور واسا فیصل آباد کی پوری ٹیم کی شبانہ روز کی ورکنگ سے ویسٹ واٹر ٹریٹمنٹ پلانٹ کے میگا پراجیکٹ پر تیزی سے پیش رفت ہو رہی ہے کیونکہ ویسٹ واٹر ٹریٹمنٹ پلانٹ کا میگا پراجیکٹ پاکستان کا اولین پراجیکٹ ہو گا جو فیصل آباد شہر کے شرقی حصے میں تعمیر کیا جائے گا اور اس کی کیپسٹی 66 ملین گیلن ڈیلی کی حامل ہو گی۔

(جاری ہے)

اس میگا پراجیکٹ کے تحت ستیانہ روڈ پر ایک سنٹرلائزڈ ویسٹ واٹر ٹریٹمنٹ پلانٹ تعمیر کیا جائے گا جبکہ اس کے ساتھ ساتھ پانچ مختلف دیہاتوں میں ڈی سینٹرلائزڈ ویسٹ واٹر ٹریٹمنٹ پلانٹس کا قیام بھی اس میگا پراجیکٹ کی تعمیر کا اہم حصہ ہونگے۔ انہوں نے مزید کہا کہ ویسٹ واٹر ٹریٹمنٹ پلانٹ کی سائٹ اور ستیانہ ڈرین کے ساتھ لینڈ سکیپنگ اور ری کریشنل سہولیات کے لئے تعمیرات کی جائیں گی اور اس میگا پراجیکٹ کی تکمیل سے جہاں ایک طرف شہریوں کو ماحولیاتی آلودگی سے نجات ملے گی جبکہ دوسری طرف ویسٹ واٹر ٹریٹمنٹ پلانٹ کے ذریعے سیوریج کا پانی ٹریٹمنٹ کے بعد فصلوں کے لئے کارآمد اور مفید ثابت ہو گا۔

ایم ڈی واسا نے واضح کیا کہ ویسٹ واٹر ٹریٹمنٹ پلانٹ کا میگا پراجیکٹ عوامی فلاح و بہبود کا انتہائی اہمیت کا حامل منصوبہ ہے جس کے لئے ضلعی حکام خصوصی طور پر آن بورڈ ہیں اور اس پراجیکٹ کو تیز رفتاری کے ساتھ کام آگے بڑھانے کے لئے پرعزم ہیں۔

فیصل آباد میں شائع ہونے والی مزید خبریں