مو ن سون کے دوران متوقع سیلابی صورتحال سے نمٹنے کے لئے فوری فلڈ فائٹنگ پلان تیارکرنے کی ہدایت

ہفتہ 14 مئی 2022 12:52

فیصل آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 14 مئی2022ء) آمدہ مو ن سون کے دوران متوقع سیلابی صورتحال سے نمٹنے کیلئے فوری فلڈ فائٹنگ پلان تیار اور تمام تر ضروری مشینری چالوحالت میں رکھنے کی ہدایت کر دی گئی ہے ۔کمشنر فیصل آباد ڈویژن زاہد حسین نے ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹیز، واسا،ویسٹ مینجمنٹ، ضلع کونسلز،میونسپل کارپوریشنز،میونسپل کمیٹیز،محکمہ صحت،محکمہ لائیو سٹاک سمیت تمام متعلقہ سرکاری محکموں کو آئند ہ موسم برسات میں پیداہو نے والی کسی بھی ناخوشگوار صورتحال سے بچنے کیلئے پیشگی حفاظتی، تدارکی اقدامات مکمل کرنے کی ہدایت کی تاکہ دریاؤں کی متوقع طغیانی اور ممکنہ غیر معمولی بارشوں کے دوران کسی بھی ہنگامی حالت سے نمٹنے کیلئے کسی مشکل و پریشانی کاسامنا نہ کرناپڑے۔

(جاری ہے)

انہوں نے تمام متعلقہ محکموں کے حکام کو جاری کئے گئے ہدایت نامہ میں کہاکہ محکمہ انہار کے حکام دیگر انتظامی حکام کے ساتھ مل کر دریاؤں کے حفاظتی بندوں کا مشترکہ معائنہ کریں اور اگر کسی جگہ پر حفاظتی بند کمزور پائے جائیں تو وہاں فوری طور پر مرمت شروع کی جائے۔انہوں نے کنٹرول رومز وریلیف سنٹرز کے قیام،ٹرانسپورٹ سروسز،سٹاف کیلئے ڈیوٹی روسٹرسمیت دیگر ضروری اقدامات کومکمل رکھنے کی بھی ہدایت کی۔

ڈویژنل کمشنر نے کہا کہ آمدہ مون سون کے موسم میں ڈینگی کی افزائش کے ممکنہ خطرات کو مدنظررکھتے ہوئے اس کی روک تھام کیلئے مؤثراقدامات کئے جائیں۔ انہوں نے ڈینگی کے خلاف بھرپورسماجی تحریک میں مزید تیزی لانے کی تاکید کرتے ہوئے کہا کہ سرکاری دفاتر کے سٹورز میں ناکارہ وفالتو اشیا اور دیگر کاٹھ کباڑ کو ضوابط کے تحت فارغ کردیں۔انہوں نے ٹائر شاپس،کباڑ خانوں،قبرستانوں سمیت ڈینگی کی پیدائش وافزائش کے دیگر ممکنہ ذرائع کو تسلسل سے چیک کرکے ڈینگی لاروا کی مکینیکل طریقے سے تلفی کویقینی بنانے کی بھی ہدایت کی۔

متعلقہ عنوان :

فیصل آباد میں شائع ہونے والی مزید خبریں