ہوٹل ایسوسی ایشن گلگت بلتستان کے صد رینٹ اے کار ایسو سی ایشن او رٹور آپریٹرز ایسوسی کے عہدیداروں کا کوویڈ 19 ٹیسٹ کے نام پر سیاحوں کو روکنا بند کرنے کا مطالبہ

بدھ 12 اگست 2020 14:30

گلگت (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 12 اگست2020ء) ہوٹل ایسوسی ایشن گلگت بلتستان کے صدر راجہ ناصر علی، جنرل سیکریٹری رینٹ اے کار ایسو سی ایشن گلگت بلتستان کوثر حسین او رٹور آپریٹرز ایسوسی کے جنرل سیکریٹری راجہ علی انور نے مطالبہ کیاہے کہ کوویڈ 19 ٹیسٹ کے نام پر سیاحوں کو روکنا بند کیاجائے ۔انہوں نے کہا کہ ہم مکمل دیوالیہ ہوچکے ہیں ایس او پیز کے نام پر سیاحوں کو بابوسر کے مقام پر روکا جارہا ہے سیاحت سے وابستہ بزنس کمیونٹی کے ساتھ وعدہ کیا گیا تھا کہ تھور اور بابوسر کے مقام پر سیاحوں کو نہیں روکا جائے گا لیکن گلگت بلتستان کے داخلی راستوں پر سیاحوں کو تنگ کرنے کا سلسلہ جاری ہے۔

گلگت بلتستان کے افراد کی معیشت کا تعلق ہی سیاحت سے ہے، سیزن نکل گیا تو عوام کنگال ہوجائیں گے اور اس سے سٹریٹ کرائم میں اضافہ ہوگا۔

(جاری ہے)

انہوں نے میڈیا کے نمائندوں سے گفتگو کرتے ہوئے کہا ہے کہ گلگت بلتستان میں پہلے سے ہی عوام غربت کی زندگی گزار رہے ہیں اور سیاحت سے عوام کا فائدہ ہوتا ہے، اس پر بھی پابندی عائد کرکے حکومت کیا پیغام دینا چاہتی ہے، اس وقت ملک بھر میں کاروبار زندگی معمول پر آگیاہے اور گلگت بلتستان کی انتظامیہ ڈرامے کررہی ہے ،اس ظلم کو بند کیا جائے گلگت بلتستان میں سیاحوں کے ساتھ ہتک آمیز رویہ اپنا کر سیاحت کی انڈسٹری کو تباہ کیا جارہا ہے۔

انہوں نے کہا ہے کہ بابوسر اور تھور سمیت گلگت بلتستان کی اندرونی چیک پوسٹوں پر ایک خود ساختہ نیا قانون بنا کر گلگت بلتستان کے امیج کو خراب کیا جارہا ہے اس سلسلے کو بند کیا جائے اب ہم مزید برداشت نہیں کرسکتے ہیں اور اس ظالمانہ اقدام کو بند نہیں کیا گیا تو ہم 24 گھنٹوں کے اندر گلگت بلتستان کے تمام ہوٹلز کو بند کر دینگے اور صوبائی حکومت کے خلاف عدالت سے رجوع کریں گے ۔ گلگت بلتستان حکومت کو بھی چاہیے کہ وہ سیاحت سے وابستہ افراد کی مالی مشکلات بڑھانے کے بجائے ان میں کمی کیلئے اقدامات کئے جائیں۔

متعلقہ عنوان :

گلگت میں شائع ہونے والی مزید خبریں