جی بی ویسٹ منیجمنٹ کمپنی تمام اضلاع میں ہفتہ صفائی مہم بہترین حکمت عملی کے تحت کامیابی سے چلا رہی ہیں،حاجی ذولفقار احمد

جمعرات 25 اپریل 2024 22:36

گلگت (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 25 اپریل2024ء) سیکریٹری گلگت بلتستان لوکل کونسل بورڈ حاجی ذولفقار احمد نے کہا کہ وزیر اعلیٰ اور چیف سیکریٹری گلگت بلتستان کے خصوصی ہدایات پر عملدرآمد کرتے ہوئے جی بی ویسٹ منیجمنٹ کمپنی تمام اضلاع میں ضلعی انتظامیہ اور کونسلات کے اشتراک سے ہفتہ صفائی مہم بہترین حکمت عملی کے تحت کامیابی سے چلا رہی ہے، صفائی مہم میں بلدیاتی کونسلات کی طرح دیگر سرکاری ادارے بھی بڑھ چڑھ کر حصہ لے رہے ہیں۔

گلگت بلتستان ویسٹ منیجمنٹ کمپنی سیکریٹری لوکل گورنمنٹ و چیئرمین جی بی کونسل بورڈ رحیم گل کی قیادت میں اپنی پیشہ وارانہ زمہ داریاں ا حسن انداز میں انجام دے رہی ہیں۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے جمعرات کے روز مقامی میڈیا کے نمائندوں کو اپنے آفس میں پریس بریفنگ دیتے ہوئے کیا۔

(جاری ہے)

انہوں نے بتا یا کہ صفائی مہم ہماری توقع سے زیادہ کامیابی سے جاری ہےجس کو کامیاب بنانے کےلئے چیف سیکریٹری کے احکامات پر دیگر سرکاری ادارے بھی شہر کی صفائی اور خوبصورتی کےلئے اقدامات اٹھا رہے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ پہلی دفعہ ہے کہ سرکاری ادارے اپنے دفاتر، ارد گرد ماحول اور شہر کی خوبصورتی کےلئے عملی اقدامات اٹھارہے ہیں ،کامیاب صفائی مہم پر تمام اضلاع کے ڈپٹی کمشنرز، اسسٹنٹ کمشنرز اور چیف افسران سمیت گلگت بلتستان ویسٹ منیجمنٹ کے ڈی ایم اوزمبارک باد کے مستحق ہیں، بالخصوص کھرمنگ، شگر اور گانچہ جہاں ویسٹ منیجمنٹ کمپنی کے وجود نہ ہونے کے باوجود ضلع و میونسپل کونسلیں محدود اور قلیل لوکل انکم سے صفائی مہم کو کامیاب بنانے کےلئے سرگرم عمل ہیں، تمام سٹاف قابل تعریف ہے۔

انہوں نے ایک سوال کے جواب میں کہا کہ گانچہ، کھرمنگ اور شگر میں گلگت بلتستان ویسٹ منیجمنٹ کمپنی کےلئے میرٹ پر شفاف بھرتیاں کی جارہی ہیں جس کےلئے اخبارات میں اشتہارات دیے گئے ہیں، آئندہ 2 ہفتوں میں میرٹ پر تعیناتیوں پر کام شروع ہوگاجس سے بے روزگاری میں کمی کے ساتھ ویسٹ منیجمنٹ کمپنی کا ضلعی سیٹ اپ قائم ہوگا۔انہوں نے کہا کہ وزیر اعلیٰ اور چیف سیکریٹری کے صفائی مہم اقدام سے مقامی سیاحت پر مثبت اثرات مرتب ہوں گے،گلگت بلتستان کا قدرتی حسن دیکھنے کےلئے ملک اور دنیا کے کونے کونے سے سیاح گلگت بلتستان کا رخ کریں گے ۔

گلگت میں شائع ہونے والی مزید خبریں