قراقرم انٹرنیشنل یونیورسٹی میں پاک چین جوائنٹ ریسرچ سینٹر قائم کرنے پر اتفاق

جمعہ 17 مئی 2024 20:50

گلگت (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 17 مئی2024ء) قراقرم انٹرنیشنل یونیورسٹی میں چین پاکستان جوائنٹ ریسرچ سینٹر (سی پی جے آر سی)قائم کیاجائے گا۔شعبہ تعلقات عامہ کے مطابق سینٹر میں دونوں ممالک کے محققین مشترکہ طور پر پاک چین اقتصادی راہداری (سی پیک)اور مقامی پائیدار ترقی پر ارضیاتی آفات اور موسمیاتی تبدیلی کے اثرات کا وسیع پیمانے پر مطالعہ اور جائزہ لیں گے۔

سینٹر قائم کرنے کے حوالے سے منعقدہ جائزہ اجلاس کی صدارت وائس چانسلر کے آئی یو پروفیسر ڈاکٹر عطاء اللہ شاہ نے کی۔ان کے ہمراہ ایگزیکٹیو ڈائریکٹر چین پاکستان جوائنٹ ریسرچ سینٹر (سی پی جے آر سی)پروفیسر ڈاکٹر ہانگ ٹیانہو اور ان کی ٹیم سمیت یونیورسٹی کے سینئرانتظامی وتدریسی افسران شریک تھے۔

(جاری ہے)

اجلاس میں گفتگو کرتے ہوئے وائس چانسلر کے آئی یو نے کہاکہ سی پیک کے علاقے اکثر قدرتی خطرات کا شکار ہیں،اس کا ماحول اور ماحولیاتی نظام نازک ہے اور سماجی و اقتصادی ترقی متعدد رکاوٹوں سے متاثر ہوتی ہے جس سے مقامی لچک اور پائیدار ترقی متاثر ہوتی ہے، سینٹر کے قیام سے تحقیق کے ذریعے ان چیلنجز سے نمٹنا اور سی پیک کی پائیدار ترقی کی حمایت میں معاونت ملے گی۔

انہوں نے کہا کہ یہ سینٹر گلگت بلتستان میں تعلیمی اداروں اور نوجوان طلباء کے لیے جدید تحقیق تک رسائی حاصل کرنے کا ایک بہت اچھا پیش خیمہ ثابت ہوگا۔اجلاس میں سینٹر کی ساخت کے حوالے سے بتاتے ہوئے ایگزیکٹیو ڈائریکٹر چین پاکستان جوائنٹ ریسرچ سینٹر (سی پی جے آر سی)پروفیسر ڈاکٹر ہانگ ٹیانہو نے کہاکہ یہ تحقیقی سینٹرچین اور پاکستان کے درمیان ایک قومی پلیٹ فارم کے طور پر کام کرے گا جس میں تعمیرات، ماحولیات، ماحولیات، آفات میں کمی اور پائیدار ترقی کا احاطہ کرنے والے تحقیقی شعبے شامل ہوں گے۔

اجلاس کے آخر میں وائس چانسلر نے ایگزیکٹیو ڈائریکٹر چین پاکستان جوائنٹ ریسرچ سینٹر (سی پی جے آر سی)اور دیگر مہمانوں کو پاک چائنہ دوستی پر لکھی اپنی تصنیف سمیت ماؤنٹین سٹیڈی پر لکھی ہوئی کتاب دی جبکہ سی پی جے آر کی جانب سے وائس چانسلر کے آئی یو شیلڈپیش کی گئی ۔اجلاس کے اختتام پر وائس چانسلر اور ایگزیکٹیو ڈائریکٹر چین پاکستان جوائنٹ ریسرچ سینٹر (سی پی جے آر سی)اور ان کی ٹیم نے سینٹر کی تعمیر کے حوالے سے سائٹ سلکشن کے لیے معائنہ کیااور سینٹر کی تعمیر کے حوالے سے مختلف ممکنا ت کا جائزہ لیا۔یاد رہے کہ سی پی جے آر سی کے فوکل پرسن انوئرمنٹل سائنسز کے لیکچرر اقتدار حسین ہیں۔

متعلقہ عنوان :

گلگت میں شائع ہونے والی مزید خبریں