پرنس کریم آغا خان کی گلگت بلتستان میں صحت، تعلیم، انفراسٹرکچر اور سماجی ترقی کے حوالے سے خدمات قابل تحسین ہیں،وزیر اعلیٰ گلگت بلتستان

بدھ 22 مئی 2024 16:51

گلگت (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 22 مئی2024ء) وزیر اعلیٰ گلگت بلتستان حاجی گلبر خان نے ہزہائنس پرنس کریم آغاخان کی صاحبزادی پرنسز زہرا آغا خان کی گلگت آمد پر حکومت اور گلگت بلتستان کے عوام کی جانب سے خوش آمدید کہتے ہوئے کہا کہ ہز ہائنس پرنس کریم آغا خان کی گلگت بلتستان میں صحت، تعلیم، انفراسٹرکچر اور سماجی ترقی کے حوالے سے خدمات قابل تحسین ہیں۔

ہماری خواہش ہے کہ آغاخان ڈویلپمنٹ نیٹ ورک کے تحت صحت اور تعلیم کے پروگرامز کو صوبے کے تما م اضلاع خصوصاً پسماندہ دور دراز علاقوں تک وسعت دی جائے۔ تمام اضلاع میں ہیلتھ انفراسٹرکچر موجود ہے لیکن ڈاکٹرز، سپیشلسٹ، پیرا میڈیکل سٹاف اور بائیومیڈیکل اکیوپمنٹس کی کمی کو دور کرنے کیلئے آغاخان ڈویلپمنٹ نیٹ ورک کا تعاون درکار ہے۔

(جاری ہے)

تعلیم کے شعبے میں بھی ماہر اساتذہ اور اساتذہ کی تربیت کی ضرورت ہے۔

آغا خان ایجوکیشن سروس کا اس شعبے میں بھی خصوصی تعاون درکا ہے تاکہ معیار تعلیم کو بہتر بنایا جاسکے اور سب تک تعلیم کی رسائی ممکن ہو۔ وزیر اعلیٰ گلگت بلتستان نے پرنسز زہرا آغا خان سے گفتگو کرتے ہوئے ہزہائنس پرنس کریم آغا خان کیلئے نیک خواہشات اور گلگت بلتستان کے دورے کی دعوت کا پیغام دیا۔ اس موقع پر پرنسز زہرا آغا خان نےگفتگو کرتے ہوئے کہا کہ گلگت بلتستان میں صحت اور تعلیم کے منصوبوں کا جائزہ لیں گی۔

حکومت گلگت بلتستان کے تعاون سے تعلیم اور صحت کے شعبے میں مزید کام کرے گی۔ آغا خان ہسپتال کے ذریعے نرسز کی ٹریننگ اور صحت کی سہولیات کی بہتری کیلئے کام کریں گے۔ جدید تقاضوں کے مطابق صحت اور تعلیم کی بہتری کیلئے اقدامات کئے جائیں گے۔ اس موقع پر باہمی تعاون سے گلگت بلتستان کی تعمیر و ترقی کیلئے مل کر کام کرنے کا اعادہ کیا گیا۔ اس موقع پر چیئرمین ایچ بی ایل و ڈائریکٹر آغا خا ن فنڈ فار اکنامک ڈویلپمنٹ سلطان علی الانہ، Shafik Sachedina،صوبائی وزراء غلام محمد، دلشاد بانو، راجہ اعظم خان، چیئرمین بورڈ آف انوسٹمنٹ فتح اللہ خان، معاونین خصوصی ایمان شاہ، حسین شاہ، ذبیع اللہ، ترجمان صوبائی وزیر فیض اللہ فراق،ایڈیشنل چیف سیکرٹری مشتاق احمد، سیکرٹر ی صحت دلدار احمد ملک، سیکرٹری برائے وزیر اعلیٰ عثمان احمد ودیگر افسران موجود تھے۔

متعلقہ عنوان :

گلگت میں شائع ہونے والی مزید خبریں