اے پی اے کمیٹی کے کامیاب انعقاد نے ثابت کردیا گوادر دنیا کا پارلیمانی دارالخلافہ بن سکتا ہے، مستقبل میں بھی عالمی کانفرنسوں کا انعقاد کیا جا سکتا ہے، مارٹن چونگ گونگ

ہمیں اختلافات بھلا کر خطے کی معاشی ترقی کیلئے مل کر کام کرنا ہو گا ،ایشیائی پارلیمان کے خواب کو شرمندہ تعبیر کر کے ہی ہم مقاصد کا حصول ممکن بنا سکتے ہیں،سیکرٹری جنرل بین الپارلیمانی یونین

جمعرات 1 نومبر 2018 17:10

گوادر/ اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 01 نومبر2018ء) ایشیائی پارلیمانی اسمبلی کی کمیٹی برائے سیاسی امور کے گوادر میں منعقدہ دو روزہ اجلاس میں شرکت کرنے والے مندوبین وطن واپس روانہ ہو گئے۔ شرکاء نے کانفرنس کے کامیابی سے انعقاد اور انتظامات پر چیئرمین سینیٹ محمد صادق سنجرانی اور سینیٹ سیکرٹریٹ کو مبارکباد دی اس موقع پر بین الپارلیمانی یونین کے سیکرٹری جنرل مارٹن چونگ گونگ نے اپنے خیالات کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ گوادر میں اپنی نوعیت کی اتنی بڑی کانفرنس منعقد کرانا کسی چیلنج سے کم نہیں تھا اور گوادر نے یہ ثابت کر دیا ہے کہ گوادر دنیا کا پارلیمانی دارالخلافہ بننے کی صلاحیت رکھتا ہے اور مستقبل میں بھی اس طرح کی عالمی پارلیمانی کانفرنسوں کا انعقاد اس ابھرتے ہوئے پورٹ سٹی میں کیا جا سکتا ہے۔

(جاری ہے)

انہوں نے مہمان نوازی اور مثالی استقبال پر چیئرمین سینیٹ ، سیکرٹری سینیٹ امجد پرویز ملک اور انتظامیہ کا خصوصی شکریہ ادا کیا۔ ایشیائی پارلیمانی اسمبلی کے سیکرٹری جنرل نے بھی اس اجلاس کو اہم قرار دیا انہوں نے کہا کہ ہمیں اختلافات بھلا کر خطے کی معاشی ترقی کے لئے مل کر کام کرنا ہو گا اور ایشیائی پارلیمان کے خواب کو شرمندہ تعبیر کر کے ہی ہم ان مقاصد کا حصول ممکن بنا سکتے ہیں۔

انہوں نے گوادر بندرگاہ کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ ترقی و خوشحالی میں گوادر بندرگاہ کی اہمیت سے انکار نہیں کیا جا سکتا۔ انہوں نے اس اجلاس کے انعقاد پر چیئرمین سینیٹ اوران کی ٹیم کی تعریف کی۔ ترکی کے رکن پارلیمنٹ نے ایشیا کی اقتصادی و معاشی ترقی کے لئے اس اجلاس کو انتہائی اہم قرار دیا اور انہوں نے کہا کہ ایشیائی پارلیمان کے قیام کو عملی جامہ پہنانے سے خطے میں رابطہ کاری کے ذریعے عوام کے معیار زندگی میں بہتری لائی جا سکتی ہے۔

دو روزہ کانفرنس میں خطے کی ترقی، تجارتی وکاروباری سرگرمیوں کے فروغ خطے کو درپیش مسائل کے لئے مشترکہ کوششوں اور اہم امور پر بحث کی گئی جبکہ آٹھ مختلف قراردادیں بھی منظور کی گئیں۔ اس اجلاس کا ایک اہم پہلو یہ بھی تھا کہ تیئس ممالک کے اٹھاسی مندوبین کو گوادر ڈیویلپمنٹ اتھارٹی کی جانب سے گوادر بندرگاہ منصوبے، اقتصادی فری زون اور گوادر کے مجوزہ ماسٹر پلان کے علاوہ سرمایہ کاری کے مواقعوں سے متعلق آگاہ کیا گیا۔

شرکاء نے اس بریفنگ میں خصوصی دلچسپی لی اور اس ترقیاتی عمل کے مجوزہ منصوبے کو سراہا۔ چیئرمین سینیٹ محمد صادق سنجرانی نے گوادر سے مندوبین کو الوداع کیا مختلف ممالک کے اراکین پارلیمنٹ آج جناح انٹرنیشنل ایئرپورٹ کراچی سے اپنے اپنے ملکوں کو روانہ ہو گئے۔

گوادر میں شائع ہونے والی مزید خبریں