ہم ہری پور چیمبر آف کامرس کے ممبران کے اعتماد پر ہمیشہ کی طرح اس مرتبہ بھی پورا اتریں گے، سید صفدر زمان شاہ

پیر 21 ستمبر 2020 14:05

ہری پور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 21 ستمبر2020ء) ہری پور چیمبر آف کامرس کے سابق صدر اور یونٹی گروپ کے قائد سید صفدر زمان شاہ نے کہا ہے کہ ہری پور چیمبر آف کامرس کے ممبران نے ہمیشہ ہم پر اپنے بھر پور اعتماد کا اظہار کیا ہے، ہم بھی ہمیشہ کی طر ح اس مر تبہ بھی ان کے اعتماد پر پورا اتریں گے، ہمارے پینل کے تمام امیدوار انتہائی باصلاحیت و پرعزم ہیں، ممبران چیمبر کو درپیش مسائل کے حل کیلئے ایک بہترین ٹیم منتخب کی ہے جس سے چیمبر اور اس کے ممبران کو فائدہ ہو گا، چیمبر کے بانی ممبران کی مشاورت سے ہم آگے بڑھیں گے، ہم نوجوانوں کو آگے لانا چاہتے ہیں تاکہ یہ لوگ اس چیمبر کو مزید آگے لیکر جائیں۔

ان خیالات کا اظہارانہوں نے ہری پور چیمبر آف کامرس کی ایگزیکٹو باڈی کے سابق ممبر ڈاکٹر چن مبارک ہزاروی سے ان کی رہائش گاہ پر ملاقات کے موقع پرکیا۔

(جاری ہے)

اس موقع پر معروف ماہر تعلیم و سماجی شخصیت سید سکندر منصور شاہ کے علاوہ ہری پور چیمبر کے نائب صدر امجد علی چغتائی، نومنتخب ممبران ایگزیکٹو باڈی ضیاء الرحمن خان، ملک عمیر خالد، محمد سلیم اعوان، سابق نائب صدر حاجی منظورالہیٰ، حاجی شوکت نواز و ملک عبدالواحد بھی موجود تھے۔

سید صفدر زمان شاہ نے مزید کہا کہ یونٹی گروپ نے ہمیشہ ممبران چیمبر کی فلاح و بہبود کیلئے کام کیا، یہی وجہ ہے کہ ممبران نے ہمیشہ ہمارے امیدواروں کو بھاری اکثریت سے منتخب کیا، اس دفعہ بھی ممبران نے ہمارے امیدواروں پر اپنے تاریخی اعتماد کا اظہارکیا۔ انہوں نے کہا کہ ہم ڈاکٹر چن مبارک ہزاروی جیسے اپنے سینئر و بانی اراکین کی مشاورت سے ممبران چیمبر کی فلاح و بہبود کیلئے کام کریں گے۔

اس موقع پر ڈاکٹر چن مبارک ہزاروی نے کہا کہ سید صفدر زمان شاہ اور یونٹی گروپ کے قائدین نے جس اتفاق و اتحاد کا مظاہرہ کرتے ہوئے تمام گروپس کو ایک جگہ پر متحد کیا وہ انتہائی خوش آئند ہے، ممبران چیمبر کی فلاح و بہبود کیلئے ہونے والی ہر مثبت کاوش میں ہم اپنا بھرپور کردار ادا کریں گے، اتفاق و اتحاد سے چلنے والے ادارے ہی ترقی کی منزل حاصل کرتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ہم نے اپنے دور میں بھی ممبران چیمبر کی فلاح و بہود کیلئے از ممکن حد تک مثالی کاوشیں کیں، انشاء الله آئندہ بھی ممبران کی بہتری کیلئے اپنا ہر ممکن تعاون جاری رکھیں گے۔

ہری پور میں شائع ہونے والی مزید خبریں