ضلع نظامت کا عہدہ چیلنج سمجھ کر قبول کیا، مختصر دور نظامت میں عوام کی مثالی خدمت کا مشن لیکر آئے ہیں۔ اختر نواز خان

بدھ 17 اپریل 2019 23:59

ہری پور۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 17 اپریل2019ء) ضلع ناظم ہری پور اختر نواز خان نے کہا ہے کہ ضلع نظامت کا عہدہ چیلنج سمجھ کر قبول کیا ہے، انشاء الله اپنے مختصر دور نظامت میں ضلع کے عوام کی مثالی خدمت کا مشن لیکر آئے ہیں، ضلع اس وقت سنگین مسائل سے دوچار ہے، بدقسمتی سے راجہ ناصر کیانی مرحوم سے قبل ہماری ضلعی کونسل عضو معطل بن کر رہ گئی تھی جس سے عوامی مسائل میں اضافہ ہوا، سرکاری افسران و ملازمین ہمارا دست و بازو ہیں، انہیں ساتھ لیکر چلیں گے اور ان کی مشاورت سے عوام کی خوشحالی کیلئے کام کریں گے۔

وہ بدھ کو صدر پریس کلب ہری پور ملک فیصل اقبال، سینئر نائب صدر عرفان مبارک سے گفتگو کر رہے تھے جنہوں نے ان کے دفتر میں ان سے ملاقات کی اور انہیں عہدہ سنبھالنے پر مبارکباد پیش کی۔

(جاری ہے)

اس موقع پر ضلع نائب ناظم آغا شبیر احمد اعوان ایڈوکیٹ، چیئرمین فنانس کمیٹی آصف علی جاہ، ناظم سٹی وحید خان و دیگر بھی موجود تھے۔ ضلع ناظم اختر نواز خان نے کہا کہ ہم گذشتہ کئی سالوں سے اپنے علاقہ کی خدمت کر رہے ہیں، کبھی عہدہ و اقتدارکی لالچ نہیں رکھی لیکن ان کی پارٹی اراکین نے ان پر بھرپور اعتماد کرتے ہوئے انہیں اس عہدہ پر منتخب کیا جس پر وہ ان کے مشکور ہیں اور انشاء الله انہیں مایوس نہیں کریں گے۔

انہوں نے کہا کہ پی ٹی آئی کی مرکزی و صوبائی حکومت نے اس ملک میں حقیقی تبدیلی کی بنیاد رکھ دی ہے، یہی وجہ ہے کہ ہری پور میں عوام نے پی ٹی آئی کلین سویپ کروایا، ہم بھی اسی جوش و جذبہ کے ساتھ آئے ہیں اور اپنے اراکین ضلع کونسل کے ساتھ ملکر اس ضلع کی تعمیر و ترقی کیلئے ہر ممکن کوشش کریں گے۔ اس ضمن میں ہمیں میڈیا کے مثبت تعاون کی اشد ضر ورت ہو گی۔ صدر پریس کلب ملک فیصل اقبال نے انہیں اپنے بھرپور تعاون کی یقین دہانی کروائی۔

متعلقہ عنوان :

ہری پور میں شائع ہونے والی مزید خبریں