جامعہ سندھ ، ایم اے، ایم ایس سی و ایم کام پوسٹ گریجویٹ کے سالانہ امتحانات کے نتائج کا اعلان

منگل 23 اپریل 2024 22:40

حیدرآباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 23 اپریل2024ء) جامعہ سندھ جامشورو نے ایم اے، ایم ایس سی و ایم کام (فائنل) پوسٹ گریجویٹ کالجز کے ریگولر و فیلوور امیدواروں کے سالانہ امتحانات 2021ء کے نتائج کا اعلان کردیا ہے۔ ناظم سالانہ امتحانات جامعہ سندھ جامشورو شاہد حسین لاڑک کی جانب سے نتائج کا اعلان کیا گیا ۔ اس سلسلے میں جاری کردہ اعلامیہ کے مطابق ایم اے (فائنل) پوسٹ گریجویٹ سالانہ امتحانات 2021ء کے تحت اکنامکس، انگلش، مسلم ہسٹری، پولیٹیکل سائنس و انٹرنیشنل ریلیشنز میں مجموعی طور پر 46 امیدواروں نے شرکت کی، جن میں سے مجموعی طور پر 37 امیدوار کامیاب قرار دیئے گئے ہیں تاہم 7 امیدوار فرسٹ کلاس میں، 25 امیدوار سیکنڈ کلاس میں اور 5 امیدوار تھرڈ کلاس میں پاس ہوئے۔

اعلامیہ کے مطابق امتحان میں 5 امیدوار فیل ہوئے، 3 غیر حاضر رہے اور ایک امیدوار کا نتیجہ ایم اے پریویس میں فیل ہونے کی وجہ سے روکا گیا ہے۔

(جاری ہے)

ایم اے (فائنل) پوسٹ گریجویٹ کے امتحانات میں مجموعی کامیابی کا تناسب 80.43 فیصد رہا۔ اسی طرح ایم ایس سی (فائنل) پوسٹ گریجویٹ سالانہ امتحانات 2021ء کے تحت باٹنی، کیمسٹری، میتھمیٹکس، فزکس، اسٹیٹسٹکس و زولاجی میں مجموعی طور پر 114 امیدواروں نے حصہ لیا، جن میں سے 70 امیدواروں کو کامیاب اور 17 کو فیل قرار دیا گیا ہے۔

امتحانات میں 24 امیدوار فرسٹ کلاس، 44 سیکنڈ کلاس اور 2 تھرڈ کلاس میں پاس ہوئے۔ امتحان میں 4 امیدوار غیر حاضر رہے اور 11 کے نتائج ایم ایس سی (پریویس) میں فیل ہونے کی وجہ سے روکے گئے۔ ایم ایس سی (فائنل) پوسٹ گریجویٹ امتحانات میں کامیابی کا مجموعی تناسب 61.40 فیصد رہا۔ دوسری جانب ایم کام (فائنل) پوسٹ گریجویٹ سالانہ امتحانات 2021ء میں مجموعی طور پر 144 امیدوار شریک ہوئے، جن میں سے 119 کامیاب اور 10 امیدوار ناکام قرار دیئے گئے ہیں۔

اعلامیہ کے مطابق 20 امیدوار فرسٹ کلاس، 95 سیکنڈ کلاس اور 4 تھرڈ کلاس میں پاس ہوئے ہیں۔ امتحان میں 7 امیدوار غیر حاضر رہے اور 7 امیدواروں کے نتائج ایم کام (پریویس) میں فیل ہونے کی وجہ سے روکے گئے۔ ایم کام (فائنل) پوسٹ گریجویٹ امتحانات میں کامیابی کا مجموعی تناسب 82.63 فیصد رہا۔

متعلقہ عنوان :

حیدرآباد میں شائع ہونے والی مزید خبریں