سندھ زرعی یونیورسٹی اور ایف اے او کے درمیان زرعی انوویشن سسٹمزکی قابلیتوں کو فروغ دینے پر اتفاق

جمعہ 26 اپریل 2024 23:11

حیدرآباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 26 اپریل2024ء) سندھ زرعی یونیورسٹی اور ایف اے او کے درمیان سندھ میں زرعی انوویشن سسٹمزکی قابلیتوں کو فروغ دینے پر اتفاق ہوا ہے۔ تفصیلات کے مطابق ملک کے ممتاز بائیوٹیکنالوجسٹ، پاکستان ایگریکلچر ریسرچ کائونسل کے سابق چیئرمین اور ایف اے او کے نیشنل کنسلسٹنٹ ڈاکٹر یوسف ظفر نے اپنی ٹیم کے ہمراہ وائس چانسلر ڈاکٹر فتح مری سے ملاقات کی اور دو طرفہ دلچسپی کے معاملات پر تبادلہ خیال کیا، وائس چانسلر کو بریفنگ دیتے ہوئے ڈاکٹر یوسف ظفر نے کہا کہ ایف اے او قومی زرعی نظام کے تعاون سے چھوٹے کسانوں کے لئے فارم میکانائزیشن پر توجہ مرکوز کر رہا ہے اور پاکستان میں زرعی ایجادات اور پیداواری ترقی میں صلاحیتوں کو بڑھانے کے لئے کوشش شروع کر چکا ہے، اس ضمن میں ملک کے زرعی، سائنسی، تحقیقی اور تدریسی اداروں سمیت صوبے کے تمام متعلقہ شعبوں، ترقی پسند کسانوں، نجی شعبے اور مختلف تنظیموں کے اہم سٹیک ہولڈرز، صوبائی اداروں، اساتذہ، اور مالی اداروں سے سفارشات اور ان سے رابطہ کرکے تجزیہ کیا جارہا ہے جبکہ سندھ زرعی یونیورسٹی ملک کی بڑی زرعی جامعہ ہے جہاں پر ماہرین اور فیکلٹی سے مل کر اس مقصد کے حصول کے کیلئے ایک اجلاس کا منعقد کرنے کی کوشش کر رہے ہیں تاکہ اس انوویشن سسٹم کے لیے پالیسی کی رکاوٹوں کی شناخت ، تجزیہ اور حل پیش کیا جا سکے اور اس فضائی ماحول کو فروغ دیا جا سکے۔

(جاری ہے)

وائس چانسلر ڈاکٹر فتح مری نے کہا کہ سندھ زرعی یونیورسٹی پہلے سے ایف او اے کے ساتھ ملکر سندھ میں بہتر زرعی پیداوار، کسانوں کے مسائل کے حل، فی ایکڑ پیداوار میں اضافے اور دیگر منصوبوں پر کام کر رہی ہے اور یونیورسٹی کے ماہرین ایف اے او کے ساتھ اس منصوبے میں بطور سٹیک ہولڈر شامل ہوگی جبکہ ہمارے ماہرین کسانوں کے لیے فارم میکانائزیشن میں معاون ثابت ہونگے۔ اس موقع پر ڈین ڈاکٹر الطاف سیال، ڈاکٹر ضیاء الحسن شاہ، ڈاکٹر غلام مرتضیٰ جامڑو، ڈاکٹر جام غلام مرتضیٰ سھتو، زین العابدین سولنگی اور دیگر موجود تھے۔

متعلقہ عنوان :

حیدرآباد میں شائع ہونے والی مزید خبریں