ڈپٹی کمشنر کی زیر صدارت ضلع مٹیاری میں خسرہ کی وبا کی روک تھام کے لیے محکمہ صحت اور ریونیو حکام کا ہنگامی اجلاس

جمعہ 19 اپریل 2024 17:53

حیدرآباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 19 اپریل2024ء) ڈپٹی کمشنر محمد یوسف شیخ کی زیر صدارت ضلع مٹیاری میں خسرہ کی وبا کی روک تھام کے لیے محکمہ صحت اور ریونیو حکام کا ہنگامی اجلاس منعقد ہوا۔خسرہ کی بڑھتی ہوئی وبا کو روکنے کے لیے محکمہ صحت کو خصوصی ٹیمیں تشکیل دینے اور وبا پر قابو پانے کے لیے جامع حکمت عملی کے تحت کام کرنے کی ہدایات جاری کی گئی ۔

اجلاس میں ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر ون نور احمد کھہرو، ڈسٹرکٹ ہیلتھ آفیسر پیر غلام حسین، عالمی ادارہ صحت کے نمائندے ڈاکٹر بابر حسین، ڈسٹرکٹ منیجر پی پی ایچ آئی اقراء بھٹی، اسسٹنٹ کمشنرز عبدالستار شیخ، عابد قمر، عبدالخالق اور دیگر نے شرکت کی۔ ڈپٹی کمشنر مٹیاری نے پی پی ایچ آئی اور محکمہ صحت کے حکام کو خسرہ سے بچاؤ اور بیماری پر قابو پانے کے لیے اٹھائے جانے والے اقدامات سے متعلق روزانہ رپورٹ پیش کرنے کی بھی ہدایت کی۔

(جاری ہے)

ڈی ایچ او مٹیاری پیر غلام حسین نے وبا کے بارے میں بریفنگ دیتے ہوئے بتایا کہ خسرہ کے کیسز سامنے آتے ہی محکمہ صحت مٹیاری نے فوری ایکشن لیا اور متاثرہ علاقوں میں علاج شروع کرنے کے لیے ڈاکٹروں کی خصوصی ٹیمیں تشکیل دیں اور ویکسی نیش کا عمل بھی شروع کیا گیا ۔ انہوں نے کہا کہ ضلع میں جنوری سے رواں ماہ تک خسرہ کے 138 کیسز رپورٹ ہوئے جن میں سے 64 مثبت آئے، متاثرہ علاقوں میں 5ہزار 617 بچوں کو خسرہ کے ٹیکے لگائے گئے ہیں جبکہ اب تک خسرہ کے سبب 5 بچوں کی اموات رپورٹ ہوئی ہیں۔

ڈی ایچ او مٹیاری نے مزید بتایا کہ کھیبر، مٹیاری اور ہالا اولڈ سمیت جہاں بھی کیسز سامنے آئے ہیں وہاں بچوں کے والدین ویکسی نیش سے انکاری ہیں۔ ان علاقوں میں والدین کو قائل کرنے اور عوام میں خسرہ کی وبا سے بچاؤ، احتیاطی تدابیر، اور علاج معالجے کیلئے سینئر ڈاکٹروں پر مشتمل ٹیمیں آگاہی مہم میں حصہ لے رہی ہیں۔

متعلقہ عنوان :

حیدرآباد میں شائع ہونے والی مزید خبریں