ڈسٹرکٹ بار ایسوسی ایشن شہید بینظیرآباد میں کنزیومر پروٹیکشن ایکٹ کے حوالے سے آگاہی سیمینار کا انعقاد

بدھ 24 اپریل 2024 20:40

حیدرآباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 24 اپریل2024ء) ڈسٹرکٹ بار ایسوسی ایشن شہید بینظیرآباد میں کنزیومر پروٹیکشن ایکٹ 2014 کے حوالے سے آگاہی سیمینار منعقد کیا گیا۔ سیمینار سے خطاب کرتے ہوئے ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن جج شہید بینظیرآباد اللہ بچایو گبول نے کہا کہ سندھ ہائی کورٹ کی ہدایات پر سندھ کے دیگر اضلاع کی طرح شہید بینظیرآباد میں بھی کنزیومر پروٹیکشن ایکٹ کے حوالے سےسیمینار کا انعقاد کیا گیا جس کا مقصد عوام کو ہر ضلع میں قائم کنزیومر کورٹ کے ذریعے غیر معیاری سروسز فراہم کرنے والے اداروں اور غیر معیاری اشیافروخت کرنے والوں کے خلاف قانونی کارروائی کے ذریعے اپنے حقوق حاصل کرنے کے لئے آگاہی فراہم کرنا ہے۔

انہوں نے مزید کہا کہ جب تک خریدار اپنے حقوق سے آگاہ نہیں ہوگا وہ اپنے حقوق کا تحفظ نہیں کر سکتا۔

(جاری ہے)

سیمینار سے خطاب کرتے ہوئے کنزیومر پروٹیکشن کورٹ کے جج امداد علی کیریو نے کہا کہ ڈسٹرکٹ کنزیومر پروٹیکشن کونسل کو چاہیئے کہ وہ پبلک مقامات سمیت مارکیٹوں اور دیگر نمایاں جگہوں پر اس قسم کے آگاہی سیمینار منعقد کرنے کے ساتھ ساتھ پمفلیٹ آویزاں کریں تاکہ زیادہ سے زیادہ لوگوں میں آگاہی اور شعور بیدار کیا جا سکے۔

انہوں نے مزید کہا کہ نہ صرف کھانے پینے کی اشیاء بلکہ مارکیٹ میں فروخت ہونے والی دیگر اشیاء جیسےکہ غیر معیاری کھاد، زرعی ادویات، موبائل فون، بیٹری سمیت میڈیکل سٹورز سے ملنے والی غیر معیاری ادویات جو انسانی جسم کے لیے نقصان دہ ہیں، اس کے لیے بھی عوام کو چاہیئے کہ وہ کنزیومر پروٹیکشن کورٹ سے رجوع کرکے انصاف حاصل کریں۔ انہوں نےکہا کہ صارفین صرف ایک درخواست کے ساتھ عدالت میں پیش ہو سکتے ہیں تاکہ مارکیٹ میں زیادہ قیمت اور غیر معیاری اشیاء بیچنے والوں کے خلاف قانونی کارروائی کی جا سکے۔

اس موقع پر سیمینار سے خطاب کرتے ہوئے سول جج نواب شاہ حمیداللہ عباسی نے کنزیومر ایکٹ 2014 کے متعلق تفصیلی آگاہی دیتے ہوئے بتایا کہ ایکٹ کے مطابق صارف اشیااور سروسز کے حوالے سے جامع قانون ہے،خریدار بازار سے کوئی بھی چیز خریدتا ہے تودکاندار سے بل ضرور لے جس میں خریداری کی تاریخ، اس چیز کی تفصیل، مقدار، قیمت اور دکان کا پورا پتہ درج ہو، اگر چیز خراب ،نقلی یا مقررہ قیمت سے زیادہ ہو تو خریدار کنزیومر پروٹیکشن کورٹ میں شکایت درج کرواکر معاوضہ حاصل کر سکتا ہے، نہ صرف یہ بلکہ بیچنے والے کو معزز عدالت جرمانہ اور سزا بھی دے سکتی ہے، ایسی درخواست کا دعویدار مذکورہ عدالت میں خود یا اپنے وکیل کے ذریعے درخواست دائر کر سکتا ہے، درخواست گذار اپنی شکایت سادہ پیپر پر اپنی لکھی ہوئی درخواست ڈاک کے ذریعے بھی عدالت کو بھیج سکتا ہے، جو بھی دکاندار یا کمپنی قصوروار پایا گیا اسے قید یا جرمانہ یا دونوں سزائیں بھی ہو سکتی ہیں۔

سیمینار میں ڈسٹرکٹ بار ایسوسی ایشن کے جنرل سیکریٹری ایڈووکیٹ نعیم منگی اور ایڈووکیٹ کلیم جٹ نے بھی کنزیومر پروٹیکشن ایکٹ کے متعلق آگاہی دی اور امید ظاہر کی کہ بار کے ممبران اپنے علاقوں کی عوام کو کنزیومر پروٹیکشن ایکٹ کے متعلق آگاہی فراہم کرنے کے لئے کردار ادا کریں گے۔ سیمینار میں صدر ڈسٹرکٹ بار ایسوسی ایشن علی رضا چنہ ، بار کے عہدیداران ، ممبران اور صحافیوں نے بڑی تعداد میں شرکت کی۔

حیدرآباد میں شائع ہونے والی مزید خبریں