واسا انتظامیہ اور سی بی اے یونین میں مذاکرات کامیاب،ہڑتال ختم

بدھ 1 مارچ 2017 20:49

حیدرآباد۔یکم مارچ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 01 مارچ2017ء) واسا انتظامیہ اور سی بی اے یونین میں مذاکرات کامیاب ہوگئے،21 روز سے جاری ہڑتال ختم کردی گئی ،فراہمی ونکاسی آب کا نظام بحال کر دیا گیا،ایم ڈی واسا کی جانب سے رکی ہوئی تنخواہوں ،پنشن اور دیگر مراعات کی جلد ادائیگی کی یقین دہانی کرادی گئی۔میڈیا سیل ایچ ڈی اے کے جاری کردہ اعلامیہ کے مطابق واسا ملازمین کی کئی ماہ کی تنخواہوں ،پنشن اور دیگر قانونی مراعات کی عدم ادائیگی کے خلاف ایچ ڈی اے ایمپلائز یونین ( سی بی اے )کی جانب سے 7 فروری سے جاری ہڑتال واسا انتظامیہ کے ساتھ مذاکرات کے نتیجہ میں بدھ کوختم کر دی گئی مذاکرات میں انتظامیہ کی جانب سے ڈپٹی کمشنر معتصم عباسی ،منیجنگ ڈائر یکٹر واسا مسعود احمد جمانی ،ایڈیشنل ایم ڈی واسا سلیم الدین ، اور دیگر متعلقہ افسران جبکہ سی بی اے یونین کی جانب سے صدر بہرام چانگ،جنرل سیکرٹری قیوم بھٹی اور دیگر سینئر عہد یداران نے شرکت کی۔

(جاری ہے)

اس موقع پر منیجنگ ڈائر یکٹر واسا نے ہڑتالی یونین سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ واسا انتظامیہ ملازمین کے مطالبات کو جائز سمجھتی ہے اور وہ ان مسائل کے حل کے لئے اپنی تمام تر توانائیوں کے ساتھ سر گرداں تھی اور اب ان کوششوں کے ثمرات حاصل ہونے کے قریب ہیں۔انہوں نے کہا کہ حکومت سندھ نے واسا ملازمین کی رکی ہوئی تنخواہوں ،پنشن اور دیگر ضروریات کی تکمیل کے لئے 37 کروڑ ،50 لاکھ روپے منظور کر لئے ہیں اور یہ رقم 10 سے 15 روز میں جاری کر دی جائے گی ایم ڈی واسا کی یقین دہانی پر سی بی اے یونین نے 21 روز سے جاری ہڑتال فوری طور پر ختم کرنے کا اعلان کرتے ہوئے فراہمی و نکاسی آب کا نظام بحال کر دیا ہے۔

متعلقہ عنوان :

حیدرآباد میں شائع ہونے والی مزید خبریں