ملک میں بڑی صنعتوں کی پیداوار میں مارچ کے دوران سالانہ بنیادوں پر 2 فیصد کی نمو ریکارڈ

بدھ 15 مئی 2024 21:00

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 15 مئی2024ء) ملک میں بڑی صنعتوں کی پیداوار میں مارچ کے دوران سالانہ بنیادوں پر 2 فیصد کی نمو ریکارڈ کی گئی ہے۔ پاکستان بیورو برائے شماریات کی جانب سے بڑی صنعتوں بارے جاری ماہانہ رپورٹ کے مطابق مارچ 2024 میں بڑی صنعتوں کی پیداوار کا اشاریہ (ایل ایس ایم آئی) 115.53 پوائنٹس ریکارڈ کیا گیا جو گزشتہ سال مارچ کے مقابلہ میں دو فیصد زیادہ ہے، گزشتہ سال مارچ میں بڑی صنعتوں کی پیداوار کا اشاریہ 113.21 پوائنٹس ریکارڈ کیا گیا تھا، فروری کے مقابلہ میں مارچ میں بڑی صنعتوں کی پیداوار میں ماہانہ بنیادوں پر9.35 فیصد کی کمی ہوئی، فروری میں بڑی صنعتوں کی پیداوار کا اشاریہ (ایل ایس ایم آئی)127.44 پوائنٹس ریکارڈ کیا گیا تھا، جاری مالی سال کے پہلے 9 ماہ میں بڑی صنعتوں کی پیداوار میں سالانہ بنیادوں پر0.10 فیصد کی کمی ہوئی، جولائی 2023 سے لیکر مارچ 2024 تک کی مدت میں بڑی صنعتوں کی پیداوار کا اشاریہ 117.88 پوائنٹس ریکارڈ کیا گیا جو گزشتہ مالی سال کی اسی مدت میں 118 پوائنٹس تھا۔

(جاری ہے)

جاری مالی سال کے پہلے 9 ماہ میں خوراک، ایپرل، کوئلہ، پٹرولیم مصنوعات، کیمیکلز، فرٹیلائزرز، فارما، مشینری و آلات اور فرنیچر کی پیداوار میں اضافہ ہوا، اس کے برعکس تمباکو، ٹیکسٹائل، پیپر اینڈ بورڈ، غیردھاتی معدنیات، آئرن اینڈ سٹیل، برقی آلات، آٹو موبائل اور ٹرانسپورٹ آلات کی پیداوار میں کمی ہوئی۔

متعلقہ عنوان :

اسلام آباد میں شائع ہونے والی مزید خبریں