علامہ اقبال اوپن یونیورسٹی میں ایشین ایسوسی ایشن آف اوپن یونیورسٹیزکی 3روزہ عالمی کانفرنس 15اکتوبر سےمنعقد ہوگی

بدھ 24 اپریل 2024 17:42

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 24 اپریل2024ء) علامہ اقبال اوپن یونیورسٹی میں ایشین ایسوسی ایشن آف اوپن یونیورسٹیز(اے اے او یو)کی 37ویں 3 روزہ سالانہ عالمی کانفرنس 15اکتوبر سے منعقد کی جائے گی،جو 17 اکتوبر تک جاری رہے گی۔ کانفرنس میں ایشیائی ممالک کی اوپن یونیورسٹیوں کے100 سے زائد وائس چانسلرز، ریکٹرز، پروفیسرزاور قومی سطح کے کم و بیش250ماہرین تعلیم و محققین مقالے پیش کریں گے۔

اے اے او یو کی ایگزیکٹو باڈی اور جنرل باڈی کے ممبران بھی کانفرنس میں شرکت کریں گے۔کانفرنس کی تیاریوں کا جائزہ لینے اور انتظامات کی ذمہ داریوں کا تعین کرنے کے حوالے سے وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر ناصر محمود کی زیر صدارت گزشتہ روز ایک اعلیٰ سطح کا اجلاس منعقد ہوا۔

(جاری ہے)

وائس چانسلر نے ڈائریکٹوریٹ آف اکیڈمک پلاننگ اینڈ کورس پروڈکشن کے ڈائریکٹر ڈاکٹر زاہد مجید کو کانفرنس کورآرڈینیٹر مقرر کرکے کانفرنس میں شرکت کرنے والے بین الاقوامی اورقومی ماہرین تعلیم کے قیام و طعام اور دیگر انتظامات سمیت کانفرنس کی سپانسرشپ کے لئے مختلف اداروں سے رابطے کی ہدایات دیں۔

انہوں نے کانفرنس ہال کی مرمت اور تزئین و آرائش کے کام کو بھی جلد مکمل کرنے کی ہدایت کی۔قبل ازیں ڈاکٹر زاہد مجید نے کانفرنس پر وائس چانسلر کو پریزنٹیشن دیتے ہوئے کہا کہ یونیورسٹی نے اے اے او یو کی پہلی کانفرنس 1988اور دوسری 2013میں منعقد کی تھی، یونیورسٹی کی گولڈن جوبلی کے موقع پر بین الاقوامی کانفرنس کے انعقاد کے لئے وائس چانسلر نے ذمہ داری سونپی جس پر ہم یونیورسٹی میں اے اے او یو کی ایک اور بین الاقوامی کانفرنس منعقد کرانے کی تیاریوں کا آغاز کردیا ہے۔

انہوں نے کہا کہ اس کانفرنس میں بین الاقوامی اور قومی محققین اپنے مقالے پیش کریں گے جنہیں یونیورسٹی کی تحقیقی مجلوں میں شائع کیا جائے گا۔انہوں نے کہا کہ کانفرنس دوران اے اے او یو کی یگزیکٹو باڈی اور جنرل باڈی کے اجلاس بھی منعقد ہوں گے۔اجلاس میں فیکلٹی آف سوشل سائنسز کے ڈین پروفیسر ڈاکٹر عبدالعزیز ساحر، فیکلٹی آف ایجوکیشن کے ڈین ڈاکٹر فضل الرحمن، فیکلٹی آف سائنس کی ڈین پروفیسر ڈاکٹر ہاجرہ احمد اور دیگر پرنسپل افسران بھی شریک تھے۔

اسلام آباد میں شائع ہونے والی مزید خبریں