اوپن یونیورسٹی میں ایشین ایسوسی ایشن آف اوپن یونیورسٹیز کی 37ویں سالانہ عالمی کانفرنس 15 اکتوبر سے شروع ہوگی

پیر 13 مئی 2024 17:33

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 13 مئی2024ء) علامہ اقبال اوپن یونیورسٹی میں ایشین ایسوسی ایشن آف اوپن یونیورسٹیز(اے اے او یو)کی 37ویں تین روزہ سالانہ عالمی کانفرنس 15تا 17 اکتوبر منعقد کی جائے گی جس میں ایشیائی ممالک کی اوپن یونیورسٹیوں کے100 سے زائد وائس چانسلرز، ریکٹرز، پروفیسرزاور قومی سطح کے کم و بیش250ماہرین تعلیم و محققین مقالے پیش کریں گے۔

کانفرنس کے لئے تحقیقی مقالہ جات کے خلاصے اور مکمل مقالے جمع کرنے کا شیڈول یونیورسٹی کی ویب سائٹ www.aiou.edu.pk پر دیا گیا ہے۔شیڈول کے مطابق بالخصوص جمع کرانے کی آخری تاریخ 10جون ہے جبکہ منظوری کا نوٹیفکیشن 25جون کو جاری کیا جائے گا، مکمل مقالہ جات 31جولائی تک جمع کئے جاسکیں گے۔ ارلی برڈ رجسٹریشن کی تاریخ 31اگست جبکہ رجسٹریشن کی آخری تاریخ 30ستمبر2024مقرر کی گئی ہے۔

(جاری ہے)

واضح رہے کہ بالخصوص اور مکمل مقالے کانفرنس کی کارروائی والی کتاب میں شائع کئے جائیں گے جبکہ معیاری اور بہترین مقالہ جات کو اے اے او یو ایوارڈ زسے نوازا جائے گا۔وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر ناصر محمود نے کانفرنس کو ایشیائی ممالک کی فاصلاتی جامعات کے وائس چانسلرر، اساتذہ اور سکالرز کے درمیان مل بیٹھ کر فاصلاتی نظام تعلیم کو مزید موثر بنانے کا ایک اہم ذریعہ قرار دیا ہے۔

انہوں نے کہا کہ کانفرنس علاقائی اور بین الاقوامی فاصلاتی نظام تعلیم کے تحت چلنے والی جامعات کو آپس میں ایک دوسرے کے ساتھ تعلیم اور تحقیقی میدان میں تجربات کے تبادلے اور شراکت داری کے موقع فراہم کرے گا۔وائس چانسلر نے کانفرنس کو تاریخی اور یادگار بنانے کے لئے ہدایات جاری کی ہیں، تمام تر انتظامات کو لاجواب بنانے کی مانیٹرنگ کی جارہی ہے۔ اِس بین الاقوامی کانفرنس میں شرکت کے لئے مختلف ممالک کے اعلیٰ سطحی وفود کی بحفاظت پاکستان آمد ٗ آزادانہ علمی و تحیقی سرگرمیوں میں ان کی شرکت اور خیریت سے واپسی کو یقینی بنانے کے لئے اقدامات اٹھائے جارے ہیں۔

اسلام آباد میں شائع ہونے والی مزید خبریں