مسلم لیگ ن کی نائب صدر مریم نواز کے خلاف نیب کی درخواست مسترد ہونے کا تحریری حکم نامہ جاری

ریفرنس میں مریم نواز کی اپیل کا فیصلہ ہونے کے بعد کارروائی ممکن ہے۔ احتساب عدالت

Sumaira Faqir Hussain سمیرا فقیرحسین ہفتہ 20 جولائی 2019 10:59

مسلم لیگ ن کی نائب صدر مریم نواز کے خلاف نیب کی درخواست مسترد ہونے کا تحریری حکم نامہ جاری
اسلام آباد (اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔ 20 جولائی 2019ء) : مسلم لیگ ن کی نائب صدر مریم نواز کے خلاف نیب کی درخواست گذشتہ روز ناقابل سماعت قرار دے کر خارج کی گئی تھی تاہم اب مریم نواز کے خلاف نیب کی درخواست مسترد ہونے کا تحریری حکم نامہ جاری کر دیا گیا ہے۔ تفصیلات کے مطابق احتساب عدالت کی جانب سے مسلم لیگ ن کی نائب صدر مریم نواز کے خلاف نیب کی درخواست مسترد ہونے کا تحریری حکم نامہ جاری کردیا گیا۔

یہ حکم نامہ 3 صفحات پرمشتمل ہے جسے احتساب عدالت کے جج محمد بشیرنے تحریرکیا۔ معزز جج کی جانب سے لکھے گئے حکم نامے میں کہا گیا کہ نیب نے ایون فیلڈریفرنس کا فیصلہ آنے کے 30 روز میں درخواست دائر نہیں کی۔ حکم نامے میں کہا گیا کہ مریم نواز کی سزا کے خلاف اپیل اسلام آباد ہائی کورٹ میں زیرسماعت ہے، جب تک اپیل عدالت میں زیرسماعت ہے سیکشن 30 کی کارروائی نہیں ہوسکتی۔

(جاری ہے)

عدالتی حکم نامے کے مطابق ریفرنس میں مریم نوازکی اپیل کا فیصلہ ہونے کے بعد کارروائی ممکن ہے، موجودہ حالات میں نیب کی درخواست ناقابل سماعت، مسترد کی جاتی ہے۔ یاد رہے کہ یاد رہے کہ ایون فیلڈ کیس میں فرد جُرم کے وقت جعلی ٹرسٹ ڈیڈ کی چارج خارج کی گئی تھی۔ نیب نے مریم نواز کے خلاف جعلی دستاویزات پر ٹرائل کے لیے درخواست دی۔ نیب کے مطابق ایون فیلڈ ریفرنس میں مریم نواز کی پیش کردہ ٹرسٹ ڈیڈ جعلی ثابت ہوئی۔

جس کے بعد احتساب عدالت کی جانب سے مریم نواز کو طلبی کا نوٹی فکیشن جاری کیا گیا تھا۔ مسلم لیگ ن کی نائب صدر مریم نواز کے خلاف نیب نے ایون فیلڈ ریفرنس میں جعلی ٹرسٹ ڈیڈ پیش کرنے سے متعلق درخواست پر گذشتہ روز جج محمد بشیر نے سماعت کی۔ احتساب عدالت نے فریقین کے دلائل سننے کے بعد مریم نواز کے خلاف نیب کی جانب سے دائر جعلی ٹرسٹ ڈیڈ ریفرنس کی درخواست ناقابل سماعت قرار دیتے ہوئے خارج کردی تھی۔

اسلام آباد میں شائع ہونے والی مزید خبریں