چیئرمین سینیٹ محمد صادق سنجرانی کا ایوان بالاء کے اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے سیکرٹری داخلہ کی غیر حاضری کا سختی سے نوٹس

جمعہ 15 نومبر 2019 20:31

چیئرمین سینیٹ محمد صادق سنجرانی کا ایوان بالاء کے اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے سیکرٹری داخلہ کی غیر حاضری کا سختی سے نوٹس
اسلام آباد ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 15 نومبر2019ء) چیئرمین سینیٹ محمد صادق سنجرانی نے ایوان بالاء کے اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے سیکرٹری داخلہ کی غیر حاضری کا سختی سے نوٹس لیا اور سیکرٹری داخلہ کے اس رویہ کو ایوان اور پارلیمان کی بے توقیری کے مترادف قرار دیا۔ سینیٹ سیکرٹریٹ کی جانب سے جاری بیان کے مطابق انہوں نے کہا کہ ایک سرکاری ملازم حکومت اور پارلیمان کے درمیان عدم اعتماد کی صورتحال پیدا کرنے کی کوشش کر رہا ہے جو کہ انتہائی قابل مذمت ہے۔

چیئرمین سینیٹ نے کہا کہ سیکرٹری داخلہ پارلیمان کو کوئی اہمیت نہیں دیتے۔ چیئرمین سینیٹ نے کہاکہ سیکرٹری داخلہ کو گزشتہ دنوں باضابطہ طور پر سینیٹ سیکرٹریٹ نے ایک خط بھی ارسال کیا تھا اور غیر حاضری سے متعلق تین دن کے اندر رپورٹ طلب کی گئی تھی جس پر ابھی تک کوئی جواب نہیں دیا گیا۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ سیکرٹری داخلہ نے اس رویہ کے باعث ایوان کی کارروائی میں رکاوٹ ڈالنے کی کوشش کی ہے اور اب لازمی ہو گیا ہے کہ اُ ن کے خلاف قانونی کارروائی کی جائے۔ چیئرمین سینیٹ محمد صادق سنجرانی نے کہاکہ وزیراعظم اس پوری صورتحال کا نوٹس لیں اور سیکرٹری داخلہ کے خلاف کارروائی کریں۔ چیئرمین سینیٹ نے وزیر پارلیمانی امور کو ہدایات دیں کہ وہ وزیراعظم کو اس پوری صورتحال سے آگاہ کریں۔

متعلقہ عنوان :

اسلام آباد میں شائع ہونے والی مزید خبریں