چیئرمین سینیٹ محمد صادق سنجرانی سے ایران کے سفیر سیّد محمد علی حسینی کی ملاقات

پاکستان اور ایران خطہ کی ترقی اور خوشحالی کے خواب کو شرمندہٴ تعبیر کرنے کیلئے کوشاں ہیں، صادق سنجرانی

پیر 27 جنوری 2020 18:03

چیئرمین سینیٹ محمد صادق سنجرانی سے ایران کے سفیر سیّد محمد علی حسینی کی ملاقات
اسلام آباد ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 27 جنوری2020ء) چیئرمین سینیٹ محمد صادق سنجرانی نے پاکستان اور ایران کے مابین پارلیمانی روابط، تجارتی تعاون اور دوطرفہ اقتصادی تعلقات کے استحکام پر زور دیتے ہوئے کہا ہے کہ پاکستان اور ایران خطہ کی ترقی اور خوشحالی کے خواب کو شرمندہٴ تعبیر کرنے کیلئے کوشاں ہیں، دونوں ملکوں کی مذہبی، ثقافتی اور سماجی مماثلتیں دوطرفہ تعاون کو فروغ دینے کیلئے مستحکم بنیادیں فراہم کرتی ہیں۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے ایران کے سفیر سیّد محمد علی حسینی سے پارلیمنٹ ہاؤس میں ملاقات کے دوران کیا۔ چیئرمین سینیٹ نے کہا کہ دونوں ملکوں کے درمیان بین الاقوامی سطح پر تعاون قابل تعریف ہے ، پاکستان ایران کے ساتھ اپنے تاریخی تعلقات کو انتہائی اہمیت دیتا ہے اور ہماری خواہش ہے کہ ان تعلقات کو سیاسی، سماجی اور اقتصادی سطح پر مزید مستحکم کیا جائے۔

(جاری ہے)

چیئرمین سینیٹ نے کہا کہ پاکستان اور ایران نے ہمیشہ ایک دوسرے کے ساتھ بین الاقوامی فورمز پر تعاون کیا ہے اور مختلف مسائل پر ایک جیسا مؤقف اختیار کیا ہے۔ انہوں نے دفاعی سطح پر تعاون کو بھی مثالی قرار دیا ہے۔ چیئرمین سینیٹ محمد صادق سنجرانی نے ایرانی قیادت کی جانب سے کشمیر کے مسئلہ پر اختیار کئے گئے مؤقف اور پاکستان کے نقطہ نظر کی حمایت کو سراہا۔ انہوں نے کہا کہ پاکستانی عوام کشمیر کے مسئلہ پر ایران کی جانب سے اختیار کئے گئے مؤقف پر شکریہ ادا کرتی ہے۔ ایران کے سفیر نے چیئرمین سینیٹ کے خیالات سے اتفاق کیا اور کہا کہ دونوں ممالک کے درمیان دوطرفہ تعاون کو مزید مستحکم کرنے کی ضرورت ہے۔

اسلام آباد میں شائع ہونے والی مزید خبریں