معروف ولاگر عبداللہ خٹک کار ایکسیڈنٹ میں انتقال کر گئے

21 سالہ عبداللہ خٹک کے ساتھ افسوسناک واقعہ پشاور میں پیش آیا

Muqadas Farooq Awan مقدس فاروق اعوان بدھ 29 جون 2022 15:47

معروف ولاگر عبداللہ خٹک کار ایکسیڈنٹ میں انتقال کر گئے
اسلام آباد ( اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین ۔ 29 جون 2022ء ) تعلیمی ویڈیوز کے لیے مشہور پاکستانی ولاگر عبداللہ خٹک پشاور میں ایک المناک کار حادثے میں انتقال کر گئے۔۔تفصیلات کے مطابق معروف وی لاگر عبداللہ خٹک ایک کار ایکسیڈنٹ میں وفات پاگئے۔میڈیا رپورٹس کے مطابق عبداللہ خٹک کے ساتھ یہ افسوسناک واقعہ پشاور میں پیش آیا۔ 21 سالہ میڈیکل سٹوڈنٹ کے انتقال کی خبر ان کے قریبی دوست نے انسٹاگرام پر شیئر کی۔

عبداللہ خٹک کے دوست نے اپنی پوسٹ میں لکھا کہ میں نہیں جانتا اس کا اعلان کیسے کروں لیکن افسوس کہ گزشتہ رات عبداللہ خٹک ایک کار حادثے میں انتقال کر گئے۔بلال صدیقی نے مرحوم بلاگر کی تصویر کے ساتھ یہ افسوسناک اطلاع ان کے مداحوں کو دیں۔انہوں نے کہا کہ میں ابھی تک یقین نہیں کر پا رہا کہ کہ عبداللہ کو اتنی جلدی موت آ جائے گی ۔

(جاری ہے)

انہوں نے مرحوم کے بلند درجات کے لئے لوگوں سے درخواست کرتے ہوئے کہا کہ برائے کرم آپ اللہ سے اس کی مغفرت کے لیے دعا کریں اور ان کے اہل خانہ کو بھی اپنی دعاؤں میں یاد رکھیں۔

ایسے نقصان کو برداشت کرنا واقع ہی مشکل ہے۔

پوسٹ میں انہوں نے مزید لکھا کہ اللہ اس خوبصورت روح کے تمام لواحقین کو صبر جمیل عطا کرے۔معروف یوٹیوبر شاہ ویر جعفری نے بھی عبداللہ خٹک کے انتقال پر تعزیت کا اظہار کیا۔انہوں نے کہا کہ اللہ تعالی عبداللہ خٹک کے درجات بلند کرے اور اللہ ان کے دوستوں اور اہل خانہ کو المناک حادثے سے نمٹنے کے لیے صبر عطا فرمائے۔ سوشل میڈیا پر عبداللہ خٹک کے اچانک انتقال کی خبر نے لوگوں کو صدمے سے دوچار کر دیا ہے۔عبداللہ خٹک اپنی تعلیمی ویڈیوز کے حوالے سے شہرت رکھتے تھے اور ان کی ویڈیوز کو لاکھوں لوگ دیکھتے تھے۔

اسلام آباد میں شائع ہونے والی مزید خبریں