گھریلو ملازمہ تشدد کیس،مرکزی ملزمہ سومیا عاصم کی حاضری استثنیٰ کی درخواست منظور

ہفتہ 20 اپریل 2024 17:04

گھریلو ملازمہ تشدد کیس،مرکزی ملزمہ سومیا عاصم کی حاضری استثنیٰ کی درخواست منظور
اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 20 اپریل2024ء) ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن کورٹ اسلام آباد نے گھریلو ملازمہ تشدد کیس میں مرکزی ملزمہ سومیا عاصم کی حاضری سے استثنیٰ کی درخواست منظور کرتے ہوئے کیس کی سماعت 27 اپریل تک ملتوی کردی۔ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن کورٹ اسلام آباد میں سول جج عاصم حفیظ کی اہلیہ اور مرکزی ملزمہ سومیا عاصم کے خلاف کم سن گھریلو ملازمہ پر تشدد کے کیس پر درج مقدمہ سے متعلق سماعت ہوئی۔

کیس کی سماعت سول جج عمر شبیر نے کی، سماعت کے دوران کم سن ملازمہ رضوانہ کی والدہ اپنے وکیل کے ہمراہ عدالت پیش ہوئیں۔مرکزی ملزم سومیا عاصم کی جانب سے حاضری سے استثنیٰ کی درخواست دائر کی گئی جو عدالت نے منظور کرلی۔جج عمر شبیر نے کہاکہ پراسیکیوشن کی جانب سے سیکشن 224 کے چارج کو شامل کرنے کے حوالے سے درخواست دائر کی گئی ہے، پہلے اس درخواست پر دلائل دے دیں۔

(جاری ہے)

سومیا عاصم کے وکیل نے کہا کہ ڈاکٹر کی جانب سے سومیا عاصم کو ایک ہفتے کا بیڈ ریسٹ بتایا گیا ہے، تاریخ لمبی دیں جس پر جج عمر بشیر نے کہا کہ سومیا عاصم ایک تاریخ پر آتی ہیں اور دو مرتبہ ان کی حاضری سے استثنیٰ کی درخواست آجاتی ہے۔فرد جرم میں ایک نیا چارج شامل کرنے کے حوالے سے پراسکیوشن کی درخواست پر آئندہ سماعت پر دلائل طلب کرلیے۔عدالت نے کیس کی سماعت 27 اپریل تک ملتوی کردی

اسلام آباد میں شائع ہونے والی مزید خبریں