نیب نے قومی اسمبلی سیکرٹریٹ میں غیر قانونی بھرتیوںکا نوٹس لے لیا

بدھ 24 اپریل 2024 21:53

اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 24 اپریل2024ء) قومی احتساب بیورو(نیب ) نے قومی اسمبلی سیکرٹریٹ میں غیر قانونی بھرتیوں کے معاملے پر نوٹس لے لیا،ذرائع نے بتایا کہ نیب کی جانب سے لکھا گیا خط قومی اسمبلی سیکرٹریٹ کو موصول ہوگیا ہے جس میں 2018 سے مارچ 2024 تک قومی اسمبلی سیکرٹریٹ میں کی جانے والی بھرتیوں کی تفصیلات طلب کی گئیں ہیں،خط میں سابق سپیکر اسد قیصراور راجہ پرویز اشرف کے ادوار میں کی گئی بھرتیوں کی تفصیلات مانگی گئی ہیں جبکہ 2018 سے مارچ 2024 تک کی جانے والی بھرتیوں کے طریقہ کار پر جواب بھی طلب کیا گیا ہے ،خط میں کہاگیا ہے کہ بھرتیوں کی وزارتِ خزانہ سے منظوری لی گئی یا نہیں ٹیسٹ، انٹرویؤ کئے گئے یا نہیں اخبارات میں بھرتیوں کے اشتہارات شائع ہوئے یا نہیں ،تمام طریقہ کار کی تفصیلات فراہم کی جائیں،خط میں ڈیلی ویجز،کنٹریکٹ اور مستقل رکھے جانے والے افراد بارے الگ الگ تفصیلات دینے کی ہدایت کی گئی ہے ،دوسری جانب سپیکر آفس زرائع نے نیب خط موصول ہونے کی تصدیق کر دیاور کہا کہ دونوں سابق سپیکرز کے دور میں بھرتیوں کا مکمل ڈیٹا مرتب کیا جا رہا ہے،سپیکر قومی اسمبلی ایاز صادق کی منظوری سے تمام ڈیٹا نیب کو بھجوایا جائیگا۔

اسلام آباد میں شائع ہونے والی مزید خبریں