مزدور اور محنت کش طبقہ ملک کی تعمیر و ترقی میں ریڑھ کی ہڈی کی حیثیت رکھتا ہے ، مزدور طبقے کے حقوق کا تحفظ ملک کی تعمیر و ترقی کے لئے ناگزیر ہے، سردارایازصادق

منگل 30 اپریل 2024 22:19

مزدور اور محنت کش طبقہ ملک کی تعمیر و ترقی میں ریڑھ کی ہڈی کی حیثیت رکھتا ہے ،  مزدور طبقے کے حقوق کا تحفظ ملک کی تعمیر و ترقی کے لئے ناگزیر ہے، سردارایازصادق
اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 30 اپریل2024ء) سپیکر قومی اسمبلی سردار ایاز صادق نے کہا ہے کہ مزدور اور محنت کش طبقہ ملک کی تعمیر و ترقی میں ریڑھ کی ہڈی کی حیثیت رکھتا ہے ، مزدور طبقے کے حقوق کا تحفظ ملک کی تعمیر و ترقی کے لئے ناگزیر ہے۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے عالمی لیبر ڈے کے موقع پر اپنے پیغام میں کیا جو ہر سال یکم مئی کو دنیا بھر میں مزدور طبقے کی قربانیوں، کردار اور اُن کے حقوق سے متعلق آگاہی اور شعور اجاگر کرنے کے لئے منایا جاتا ہے۔

سپیکر قومی اسمبلی نے کہا کہ آج کا دن ہمیں شکاگو کے ان مزدوروں کی قربانیوں کی یاد دلاتا ہے جنہوں نے اپنے حقوق کی خاطر اپنی جانیں قربان کیں۔ انہوں نے لیبر ڈے کے موقع پر ملک کی تعمیر وترقی کے لئے محنت کش طبقے کی خدمات کو خراج تحسین پیش کرتے ہوئے ملک کی تعمیر و ترقی محنت کش طبقے کے کردار کو سراہا۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ لیبر ڈے دنیا بھر میں محنت کش طبقے کے کردار، اپنے کام سے لگن اور عزم و استقامت کو اجاگر کرنے کی علامت کے طور پر منایا جاتا ہے۔

سپیکر قومی اسمبلی نے کہا کہ پاکستان کی پارلیمان ہمیشہ محنت کش طبقے کے حقوق کے تحفظ کے لئے کلیدی کردار ادا کرتی رہی ہے۔ انہوں نے سیاسی جماعتوں پر زور دیا کہ وہ محنت کش طبقے کی فلاح و بہبود کے لیے موثر قانون سازی میں اپنا بھرپور کردار ادا کریں۔ انہوں نے کہا کہ پوری قوم محنت کش طبقے کی خدمات کو سلام پیش کرتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ اس طبقے کی ملک کی تعمیر و ترقی کے لئے پیش کی جانے والی خدمات کو سنہری حروف میں یاد رکھا جائے گا۔

اس موقع پر ڈپٹی سپیکر سید میر غلام مصطفیٰ شاہ نے کہا کہ آج کا دن ہمیں محنت کش طبقے کی قربانیوں اور جدو جہد کی یاد دلاتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ محنت کش طبقہ ملک کی تعمیر و ترقی میں اہم کردار ادا کر رہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ پارلیمان نے ہمیشہ محنت کش طبقے کے حقوق کے تحفظ کے لئے کردار ادا کیا ہے اور ان کے حقوق کے تحفظ کے لئے پالیسیاں اور قوانین وضع کئے ہیں۔انہوں نے اس امید کا اظہار کیا کہ نو منتخب حکومت مزدوروں کی فلاح و بہبود کے لئے اپنا بھرپور کردار ادا کرے گی۔

اسلام آباد میں شائع ہونے والی مزید خبریں