شہریوں کی سولر پر منتقلی میں اضافہ، حکومت نے نئی پالیسی پر کام شروع کر دیا

نیٹ میٹرنگ کی بجلی کے ریٹ کو پچاس فیصد کم کیا جائے گا، کس گرڈ اسٹیشن پر کتنے فیصد نیٹ میٹرنگ ہوگی پالیسی میں یہ بھی شامل ہوگا

Sajid Ali ساجد علی بدھ 1 مئی 2024 15:07

شہریوں کی سولر پر منتقلی میں اضافہ، حکومت نے نئی پالیسی پر کام شروع کر دیا
اسلام آباد ( اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ 01 مئی 2024ء ) شہریوں کی سولر پر منتقلی میں اضافے کے باعث حکومت نے نئی پالیسی پر کام شروع کر دیا۔ میڈیا رپورٹس کے مطابق بجلی کے شعبے میں بڑھتی ہوئی سولرائزیشن سے دیگر صارفین کیلئے چیلنج کے معاملے پر وزارت پاور ڈویژن نے نئی سولرائزیشن پالیسی پر کام شروع کر دیا ہے، ذرائع وزارت پاور کا کہنا ہے کہ نئی سولرائزیشن پالیسی کے تحت نیٹ میٹرنگ کی بجلی کے ریٹ کو پچاس فیصد کم کیا جائے گا، بائی بیک بجلی کا نرخ 22 روپے کی بجائے 11روپے کیا جائے گا، بائی بیک کے ریٹ پر نظرثانی سے کیپسٹی پیمنٹ ادائیگی میں آسانی ہوگی۔

ذرائع نے بتایا ہے کہ نیٹ میٹرنگ کے باعث دیگر صارفین پر سالانہ 110 ارب کا بوجھ پڑتا ہے، نئی پالیسی میں نیٹ میٹرنگ صارفین کو سرمایہ کی رقم 3 کی بجائے 5 سال میں واپس کرنے کی تجویز ہے، سولر صارفین کو بائی بیک ریٹ سے تین ماہ میں سرمایہ کاری کی رقم پوری ہوجاتی ہے، کس گرڈ اسٹیشن پر کتنے فیصد نیٹ میٹرنگ ہوگی پالیسی میں یہ بھی شامل ہوگا، نئی سولرائزیشن پالیسی کی منظوری وفاقی کابینہ سے لی جائے گی۔

(جاری ہے)

معلوم ہوا ہے کہ ایک سال میں سولر لگانے والے صارفین کی تعداد میں 60 فیصد اضافہ ہو چکا ہے، ملک میں سولر استعمال کرنے والے صارفین کی تعداد بڑھ کر ڈیڑھ لاکھ ہوگئی ہے، ماہانہ نیٹ میٹرنگ یونٹس کا شئیر ساڑھے 5 کروڑ یونٹس تک پہنچ چکا ہے، ملک بھر میں سولر سے بجلی کی پیداوار 3 ہزار میگاواٹ تک پہنچ چکی ہے۔ ادھر پنجاب حکومت نے ٹیوب ویلز کو سولر پر منتقل کرنے کیلئے کسانوں کوسبسڈی دینے کافیصلہ کیا ہے، فی ٹیوب ویل کسان کو50 فی صد تک سبسڈی دی جائے گی، ہر کسان اپنا ٹیوب ویل 20 کلو واٹ تک سولر پر منتقل کرسکے گا، ٹیوب ویلز کو سولر پر منتقل کرنے کیلئے کسانوں کو 12 ارب روپے دینے کا فیصلہ کیا گیا ہے، وزارتِ خزانہ پنجاب کا کہنا ہے کہ منصوبے کا مقصد کسانوں کی بجلی لاگت میں کمی لانا ہے، ٹیوب ویلوں کو سولر پر منتقل کرنے میں کسانوں کی ہر ممکن مدد کی جائے گی، پنجاب حکومت کو کسانوں کی مشکلات کا اندازہ ہے اور حکومت چاہتی ہے کہ کسانوں کو سبسڈی دی جائے تاکہ کسان خوشحال ہو سکیں، ٹیوب ویلز کو سولر پر منتقل کرنے سے کسانوں کو بجلی کی لاگت میں کمی آئے گی اور ان کو ریلیف مل سکے گا، حکومت چاہتی ہے کہ کسانوں کی مدد کی جائے او ر مڈل مین و آڑھتی کی بجائے فصل کا صحیح فائدہ کسانوں کو دیا جائے۔

متعلقہ عنوان :

اسلام آباد میں شائع ہونے والی مزید خبریں