اسپیکر قومی اسمبلی سے جاپان کے سفیر کی ملاقات،پارلیمانی تعاون اور اقتصادی تعلقات پر تبادلہ خیال

منگل 14 مئی 2024 22:25

اسپیکر قومی اسمبلی سے جاپان کے سفیر کی ملاقات،پارلیمانی تعاون اور اقتصادی تعلقات پر تبادلہ خیال
اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 14 مئی2024ء) اسپیکر قومی اسمبلی سردار ایاز صادق نے کہا ہے کہ پاکستان اور جاپان کے درمیان تجارتی اور اقتصادی تعاون پر مبنی خوشگوار تعلقات پائے جاتے ہیں،پاکستان جاپان کے ساتھ اپنے تعلقات کو انتہائی قدر کی نگاہ سے دیکھتا ہے اور ان تعلقات کو مزید مضبوط بنانے کا خواہاں ہے،پاکستان کی پارلیمنٹ دونوں دوست ممالک کی پارلیمنٹس کے درمیان پارلیمانی تعلقات کو بڑھانے کا خواہاں ہے۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے جاپان کے سفیر مسٹر وڈامٹسوہرائو سے گفتگو کرتے ہوئے کیا جنہوں نے منگل کے روز پارلیمنٹ ہاؤس اسلام آباد میں ان سے ملاقات کی۔اسپیکر نے دو طرفہ تعلقات کو مزید مستحکم بنانے کیلئے پارلیمانی وفود کے باقاعدہ تبادلوں کی ضرورت پر زور دیا۔

(جاری ہے)

انہوں نے پارلیمانی سفارت کاری کی ضرورت پر زور دیتے ہوئے کہا کہ پارلیمانی فرینڈ شپ گروپس پاکستان اور جاپان کے درمیان تعلقات کو مزید فروغ دینے میں اہم کردار ادا کر سکتے ہیں۔

انہوں نے جاپانی تاجروں اور سرمایہ کاروں کو پاکستان میں سرمایہ کاری کے بھرپور مواقعوں سے استفادہ کرنے کی دعوت دی۔ انہوں نے جاپان اسمبلی کے اسپیکر اور اراکین پارلیمنٹ کو دورہ پاکستان کی دعوت بھی دی۔جاپانی سفیر نے پاکستان کی اقتصادی صلاحیت کو سراہتے ہوئے کہا کہ جاپان پاکستان کے ساتھ اقتصادی تعلقات کو مضبوط بنانے کے لیے پاکستان کے ساتھ تمام شعبوں میں تعاون کو فروغ دینا چاہتا ہے۔انہوں نے ایاز صادق کی تجارتی اور اقتصادی تعلقات کو متنوع بنانے کی تجویز سے اتفاق کیا۔ انہوں نے اسپیکر کو پاکستان کی سماجی و اقتصادی ترقی میں جاپان کے ہر ممکن تعاون کا یقین دلایا۔ انہوں نے مزید کہا کہ پاکستان اور جاپان جنوبی ایشیا کی تجارتی منڈیوں تک رسائی کا اہم ذریعہ ہیں۔

اسلام آباد میں شائع ہونے والی مزید خبریں