معیاری انٹرنیٹ، براڈ بینڈ سروسز ہر شہری کا حق ہے، آئی سی ٹی سیکٹر کے فروغ کے لئے اقدامات جاری ہیں، وزیرمملکت آئی ٹی شزہ فاطمہ

جمعہ 17 مئی 2024 20:08

معیاری انٹرنیٹ،  براڈ بینڈ سروسز ہر شہری کا حق ہے، آئی سی ٹی سیکٹر کے فروغ کے لئے اقدامات جاری ہیں، وزیرمملکت آئی ٹی شزہ فاطمہ
اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 17 مئی2024ء) وزیر مملکت برائے آئی ٹی و ٹیلی کمیونیکیشن شزہ فاطمہ خواجہ نے کہا ہے کہ موجودہ حکومت ملک میں ڈیجیٹلائزیشن اور ڈیجیٹل منتقلی کے لئے پر عزم ہے۔جمعہ کو اپنے ایک بیان میں وزیر مملکت برائے آئی ٹی نے کہا کہ ہر شہری کا حق ہے کہ اس کو معیاری انٹرنیٹ اور براڈ بینڈ کی سہولیات میسر ہوں، اس حوالے سے ملک کے شہری اور دوردراز علاقوں میں ٹیلی کام سروسز کی فراہمی کے لئے اقدامات جاری ہیں۔

انہوں نے کہا کہ وزارت آئی ٹی کی نیشنل فائبرائزیشن پالیسی کے تحت کوشش ہوگی کہ گھر گھر انٹرنیٹ کی سہولت مہیا کی جائے، سمارٹ فون فار آل پالیسی کے تحت ہماری کوشش ہے کہ ہم ہر فرد کے ہاتھ میں سمارٹ فون پکڑائیں۔شزہ فاطمہ نے کہا کہ آئی سی ٹی سیکٹر کے فروغ کے لئے اقدامات کر رہے ہیں، وزارت آئی ٹی کے ذیلی ادارہ یونیورسل سروس فنڈ کے ذریعے ملک کے دوردراز علاقوں میں براڈبینڈ سروسز کی فراہمی کے لئے اقدامات کئے گئے ہیں،دوردراز علاقوں میں انٹرنیٹ و براڈ بینڈ سروسز کی فراہمی کے لئے یو ایس ایف کے ذریعے گزشتہ پانچ سالوں میں 80 بلین روپے کے 85 پراجیکٹس ایوارڈ کئے گئے ہیں، سپیشل کمیونیکیشن آرگنائزیشن (ایس سی او) آزاد کشمیر اور گلگت بلتستان میں کینکٹوٹی کی فراہمی کے لئے اہم کردار ادا کر رہی ہے، حکومت چاہتی ہے کہ شہری اور دیہی علاقوں کے مابین ڈیجیٹل تقسیم کا خاتمہ ہو۔

(جاری ہے)

شزہ فاطمہ نے کہا کہ کوشش ہے کہ موبائل ڈیوائس مینوفیکچرنگ و ایکسپورٹ پالیسی کے تحت زیادہ سے زیادہ موبائل فونز کی ایکسپورٹ کریں۔وزیر مملکت برائے آئی ٹی نے کہا کہ ملک میں سرمایہ کاری کرنے پر حکومت ٹیلی کام انڈسٹری کا شکریہ ادا کرتی ہے، ٹیلی کام انڈسٹری مائیکرو اکانومی میں ایک اہم ٹیکس پیئر ہے، ٹیلی کام انڈسٹری کا ملک کی معاشی ترقی میں اہم کردار ہے، حکومت کی توجہ آئی ٹی و ٹیلی کام انڈسٹری کی ترقی پر مرکوز ہے۔

اسلام آباد میں شائع ہونے والی مزید خبریں