نان فائلرز کی موبائل فون سمز بلاک کرنے پر حکم امتناع نہیں ہے،چیف جسٹس اسلام آباد ہائیکورٹ

اسٹے آرڈ ر درخواست گزاروں کو تحفظ دینے کیلئے تھا، حکومت کا سمز بلاک کرنے کا آرڈربرقرار ہے،جسٹس عامر فاروق کے سماعت کے دوران ریمارکس

Faisal Alvi فیصل علوی بدھ 22 مئی 2024 13:55

نان فائلرز کی موبائل فون سمز بلاک کرنے پر حکم امتناع نہیں ہے،چیف جسٹس اسلام آباد ہائیکورٹ
اسلا م آباد(اردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔22 مئی 2024 ) چیف جسٹس اسلام آباد ہائیکورٹ نے واضح کیا ہے کہ نان فائلرز کی موبائل فون سمز بلاک کرنے پر حکم امتناع نہیںہے، حکم امتناع سمز بلاک کرنے پر نہیں ہے، اسٹے آرڈ ر درخواست گزاروں کو تحفظ دینے کیلئے تھا، حکومت کا سمز بلاک کرنے کا آرڈربرقرار ہے۔اسلام آباد ہائیکورٹ میں ٹیکس نان فائلرز کی موبائل فون سمز بلاک کرنے کے حکومتی فیصلے کے خلاف کیس کی سماعت ہوئی۔

حکومتی فیصلے کے خلاف کیس میں موبائل نیٹ ورک کمپنیز کے خلاف کارروائی پر جاری اسٹے آرڈر خارج کرنے کی درخواست پر سماعت چیف جسٹس اسلام آباد ہائی کورٹ عامر فاروق نے کی۔وفاقی حکومت نے موبائل نیٹ ورک کمپنیز کے خلاف کارروائی پر جاری اسٹے آرڈر خارج کرنے کی متفرق درخواست دائر کی۔

(جاری ہے)

جسٹس عامر فاروق نے کہا کہ بہتر ہوگا مرکزی درخواست ایک ہی بار سن کر فیصلہ کردیا جائے، عدالت سمجھ سکتی ہے کہ حکومت معاشی ریفارمز پر فوکس کررہی ہے، یہ اقدام بھی ان ہی ریفارمز کے تناظر میں لیا گیا ہوگا، عدالت کوشش کرے گی کہ جلد از جلد اس کیس کا فیصلہ ہو جائے۔

ہم کیس کی آئندہ سماعت کے لئے جون کی کوئی تاریخ مقرر کر دیتے ہیں، ایسا کر لیں کہ دونوں فریقین کسی تاریخ پر متفق ہو کر عدالت کو آگاہ کر دیں۔بعد ازاں عدالت نے کیس کی سماعت ملتوی کر دی۔خیال رہے کہ گزشتہ سماعت پر چیف جسٹس اسلام آباد ہائی کورٹ جسٹس عامر فاروق نے ریمارکس دئیے تھے کہ ہم نے سم بند کرنے سے نہیں بلکہ نجی کمپنی کے خلاف کارروائی سے روکا تھا۔

جسٹس عامر فاروق نے کہا تھاکہ میڈیا سے درخواست ہے کہ پچھلی بار کا آرڈر جو رپورٹ ہوا تھا وہ ایسے نہیں تھا۔اس سے قبل کیس کی سماعت کے دوران چیف جسٹس عامر فاروق نے نجی موبائل کمپنی کی درخواست پر 27مئی تک حکم امتناع جاری کیا تھا۔ عدالت نے ایف بی آر اور پی ٹی اے سمیت دیگر فریقین کو نوٹس جاری کرتے ہوئے جواب طلب کیا تھا۔یاد رہے کہ فیڈرل بورڈ آف ریونیو(ایف بی آر) نے نان ٹیکس فائلرز کے خلاف بڑا قدم اٹھاتے ہوئے ان کی سم بلاک کرنے کا حکم جاری کیا تھا۔

اسلام آباد میں شائع ہونے والی مزید خبریں