امریکا پاکستان میں تیکنیکی اور ترقیاتی منصوبوں میں تعاون کیلئے پرعزم ہے،ڈونلڈبلوم

پاکستان کے معاشی مستقبل کیلئے امریکہ ایک مضبوط پارٹنر بھی ہے،امریکی سفیر کی وزیر خزانہ محمد اورنگزیب سے ملاقات کے دوران گفتگو

Faisal Alvi فیصل علوی پیر 27 مئی 2024 13:08

امریکا پاکستان میں تیکنیکی اور ترقیاتی منصوبوں میں تعاون کیلئے پرعزم ہے،ڈونلڈبلوم
اسلام آباد(اردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔27 مئی 2024 ) پاکستان میں امریکی سفیر ڈونلڈ بلوم نے کہا ہے کہ امریکا پاکستان میں تیکنیکی اور ترقیاتی منصوبوں میں تعاون کیلئے پرعزم ہے،پاکستان کے معاشی مستقبل کیلئے امریکہ ایک مضبوط پارٹنر بھی ہے،وزیر خزانہ محمد اورنگزیب سے امریکی سفیر نے ملاقات کی جس میں دوطرفہ امور سمیت دیگر معاملات پر گفتگو کی گئی۔

ترجمان امریکی سفارتخانہ تھامس منٹگمری نے کہا کہ دونوں رہنماﺅں کے درمیان ملاقات میں پاک امریکا تجارت،سرمایہ کاری اور اقتصادی تعاون پر بھی تبادلہ خیال کیا گیا۔امریکی سفیر کا اس موقع پر کہنا تھا کہ امریکا پاکستان کی سب سے بڑی برآمدی منڈی اور سرمایہ کاری کا بڑا ذریعہ ہے۔ ڈونلڈ بلوم نے پاکستان کے اصلاحاتی ایجنڈے میں امریکی تعاون پر روشنی ڈالی۔

(جاری ہے)

خیال رہے کہ چند روز قبل پاکستان میں مقرر امریکی سفیر ڈونلڈ بلوم نے یو ایس ایڈ کے تعاون سے دوسرے کلین ٹیک انویسٹمنٹ روڈ شو کا افتتاح کیا تھا جہاں صاف توانائی کی ٹیکنالوجی کے شعبے میں جدت لانے والی 14 کمپنیوں نے اپنا کام پیش کیا تھا۔نمائش کا مقصد کاروباری اداروں کو تجارتی طور پر قابل عمل صاف توانائی کے منصوبوں کی جانب راغب کرنا اور اس سلسلے میں درکارسرمایہ کاری حاصل کرنے میں مدد فراہم کرنا تھا۔

امریکی سفیر ڈونلڈ بلوم نے نمائش میں اپنے خیالات کا اظہار کرتے ہوئے کہا تھاکہ ’صاف توانائی کو فروغ اور وسعت دینے کیلئے سازگار ماحول درکار ہے۔یہی وجہ ہے کہ امریکا سرمایہ کاری کیلئے سازگار ماحول پیدا کرنے کیلئے پاکستان کے ساتھ کام کرتا رہے گا۔انہوں نے مزید کہاتھاپاکستان کیلئے کاربن کے کم اخراج اور صاف توانائی سے متعلق ٹیکنالوجی میں سرمایہ کاری ناگزیر ہے تاکہ قابل تجدید توانائی کے مقاصد حاصل کئے جا سکیں۔اس نمائش میں حصہ لینے والی 14 کمپنیوں کی جانب سے مختلف سرمایہ کاروں کے سامنے توانائی کے شعبے میں درپیش مسائل حل کرنے کیلئے اپنے ابتدائی نمونے بھی پیش کئے گئے تھے۔

اسلام آباد میں شائع ہونے والی مزید خبریں