ْصدر آزاد کشمیر کی زیر صدارت پونچھ یونیورسٹی کے منگ سب کیمپس کے حوالے سے اعلی سطحی اجلاس

سدھن ایجوکیشن کانفرنس کی تعلیمی خدمات کو قدر کی نگاہ سے دیکھتے ہیں ،آزادکشمیر بھر میں طلبہ وطالبات کو اعلیٰ تعلیم کے مواقع فراہم کرنے کی حتی المقدور کوشش کریں گے، سردار مسعود خان

منگل 3 اپریل 2018 17:21

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 03 اپریل2018ء) صدر آزادجموں و کشمیر سردار مسعود خان نے پونچھ یونیورسٹی کے منگ سب کیمپس کے حوالے سے ایوان صدر کشمیر ہاوس اسلام آباد میں اعلیٰ سطحی اجلاس کی صدارت کی ۔اجلاس میں وزیر حکومت برائے خزانہ ،منصوبہ بندی و صحت ڈاکٹر نجیب نقی خان ، پونچھ یونیورسٹی کے وائس چانسلر ڈاکٹر رسول بخش، سیکرٹری ہائیر ایجوکیشن زاہد عباسی ، کمشنر پونچھ ڈویژن عبدالحمید مغل ،سدھن ایجوکیشنل کانفرنس کے صدر ریٹائرڈ سیکرٹری سردارمحمد صدیق خان ، سنئیر نائب صد رسدھن ایجوکیشنل کانفرنس بریگیڈئر (ر) محمد عارف خان ، نائب صد ر سدھن ایجوکیشنل کانفرنس بریگیڈئر (ر) زرین خان اور سدھن ایجوکیشنل کانفرنس کے جنرل سیکرٹری ڈاکٹر غلام حسین نے شرکت کی ۔

(جاری ہے)

صدر آزادکشمیر کو اس موقع پر جامعہ پونچھ کے منگ کیمپس کے باضابطہ قیام کے حوالے سے کی جانے والی پیش رفت سے آگاہ کیا گیا۔صدر نے سدھن ایجوکیشنل کانفرنس کے عہدیداران کا شکریہ ادا کیا جنہوں نے منگ سب کیمپس کے لئے سدھن ایجوکیشنل کانفرنس کی تعمیر کردہ عمارت اور زمین پونچھ یونیورسٹی کو دی ہے۔انہوں نے کہا ہم سدھن ایجوکیشن کانفرنس کی تعلیمی خدمات کو قدر کی نگاہ سے دیکھتے ہیں اور انشاء اللہ آزادکشمیر کے ہر ضلع بلکہ سب ڈویژن کی سطح پر بھی طلبہ وطالبات کو اعلیٰ تعلیم کے مواقع فراہم کرنے کی حتی المقدور کوشش کریں گے۔

اجلاس میں اس فیصلے کی توثیق کی گئی کہ سدھن ایجوکیشنل کانفرنس کو مذکورہ بلڈنگ کے عوض 2کروڑ 18لاکھ کی ادائیگی حکومت آزادکشمیر کرے گی اور منگ کیمپس کیلئے دی گئی زمین کے متبادل سدھن ایجوکیشنل کانفرنس کو 22کنال زمین بھی دی جائیگی جس میں ایک کنال پلندری ، ایک کنال راولاکوٹ اور 20کنال پونچھ کے اندر کسی مناسب جگہ سے الاٹ کی جائے گی ۔صدر آزادکشمیر نے آج ایوان صدر کشمیر ہاوس میں کروٹ ہائیڈرو پاور منصوبہ کے حوالے سے بھی ایک اور اعلیٰ سطحی اجلاس کی صدارت کی جس میں ڈاکٹر نجیب نقی وزیر حکومت برائے خزانہ ،منصوبہ بندی و صحت کے علاوہ چائنہ تھری گارجز کارپوریشن کے CEOمسٹر لوڈنگ شنگ،کروٹ ہائیڈرو پاور پراجیکٹ ریزیڈنٹ انجینئر مسٹر وائین پارکر،سیکرٹری صدارتی امور سردار ظفر خان، ڈپٹی کمشنر سدھنوتی امجد اقبال ،ایکسین شاہرات سدھنوتی عمران حنیف ،ڈپٹی ڈائریکٹر میڈیا حماد رحیم ، اور پرائیوٹ سیکرٹری صدر آزادکشمیر عتیق الرٰحمان نے شرکت کی۔

اجلاس میں چیف ایگزیٹو آفیسر مسٹر لو اور مسٹر وائین پارکر نے کروٹ ہائیڈرو پاور پراجیکٹ کے بارے میں تفصیلاً بریفینگ دی انہوں نے صدر کوبتایا کہ 720میگا واٹ پن بجلی کا یہ منصوبہ دسمبر 2021میں مکمل ہو جائیگا اور بجلی کی پیداوار شروع کر دے گا ۔اجلاس میں ہولاڑ ، پانہ اور آزاد پتن میں مستقبل میں نئے تعمیر کیے جانے والے پُلوں اور سڑکات کے بارے میں بھی تفصیلاً بریفینگ دی گئی ۔صدر نے چائنہ تھری گارجز کارپوریشن کے کام ، معیار اور لگن کی تعریف کی ۔

متعلقہ عنوان :

اسلام آباد میں شائع ہونے والی مزید خبریں