پاک بحریہ کے جہاز ’اصلت‘ کادورہ خیر سگالی پاکستان اور برطانیہ کے درمیان دو طرفہ تعلقات کو مزید مستحکم کرنے میں مدد گار ہو گا ، سید ابن عباس

برطانیہ میں تعینات پاکستانی ہائی کمشنر کا پورٹ سماوتھ برطانیہ میں پی این ایس کی جانب سے دیئے گئے عشائیے کے شرکاء سے خطاب

ہفتہ 21 جولائی 2018 17:19

اسلام آباد ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 21 جولائی2018ء) برطانیہ میں تعینات پاکستانی ہائی کمشنر سید ابن عباس نے اس عزم کا اعادہ کیا ہے کہ پاک بحری جہاز ’اصلت‘ کادورہ خیر سگالی پاکستان اور برطانیہ کے درمیان دو طرفہ تعلقات کو مزید مستحکم کرنے میں مدد گار ہو گا۔یہ بات انہوں نے گزشتہ روز پورٹ سماوتھ برطانیہ میں پی این ایس کی جانب سے دیئے گئے عشائیے کے شرکاء سے خطاب کرتے ہوئے کہی۔

برطانوی سیکنڈ سی لارڈ وائس ایڈمرل انتونی رداکن اس موقع پر مہمان خصوصی تھے۔رحمان چشتی رکن پارلیمنٹ،لارڈ میئر پورٹ سماوتھ ،برطانوی فارن اور دولت مشترکہ دفتر کے نمائندوں، کمانڈر پورٹ سماوتھ فلوٹیلا اور مختلف ممالک کے ڈیفنس اتاشیوں نے عشائیہ میں شرکت کی۔پاک بحریہ کے مشن کمانڈر کموڈور محمد فیصل عباسی ایس آئی(ایم)نے اس موقع پر کہا کہ میرینز کا بحری سفارتکاری کے ذریعے قوموں کے مابین دوستی کے رشتوں کو مستحکم کرنے میں اہم کردار ہے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ ہمارے دورے کا مقصد دونوں ملکوں کی بحری فورسز کے مابین تعلقات کو مزید مستحکم کرنا ہے۔اس دورے کے فوری بعد پاک بحریہ اور برطانوی بحریہ کے مابین بحری مشقیں دونوں ملکوں کے درمیان گہرے دوستانہ تعلقات کی عکاسی کرتے ہیں۔پاکستانی ہائی کمشنر سید ابن عباس نے پاک برطانیہ تعلقات کو اجاگر کرتے ہوئے کہا کہ دونوں ملکوں کے درمیان مستحکم سیاسی،اقتصادی،تجارتی،سفارتی اور دفاعی تعلقات قائم ہیں۔

اسلام آباد میں شائع ہونے والی مزید خبریں