کسی بینک یا ٹور آپریٹر کو حج درخواستیں وصول کرنے کی اجازت نہیں دی گئی، وزارت مذہبی امور

جمعرات 17 جنوری 2019 00:03

اسلام آباد ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 16 جنوری2019ء) وزارت مذہبی امور نے کہا ہے کہ بعض پرائیویٹ ٹور آپریٹرز اور بینک براہ راست یا اپنے غیر متعلقہ ایجنٹوں کے ذریعے لوگوں سے حج درخواستوں کے نام پہ رقم بٹور رہے ہیں، یہ عمل سراسر غیر قانونی اور قابل گرفت ہے، ایسے تمام افراد اور اداروں کو سختی سے تاکید کی جاتی ہے کہ وہ اس غیر قانونی عمل سے باز رہیں۔

ابھی تک حج پالیسی 2019ء کا اعلان نہیں ہوا اور اس سلسلہ میں وزارت نے کسی بینک یا ٹور آپریٹر کو حج درخواستیں وصول کرنے کی اجازت نہیں دی گئی۔ بدھ کو ترجمان نے ایک بیان میں کہا کہ عوام الناس کو بھی مطلع کیا جاتا ہے کہ جب تک وزارت کی جانب سے حج پالیسی 2019ء کا باقاعدہ اعلان نہ ہو اور وزارت بینکوں اور پرائیویٹ ٹورآپریٹرز کو حج درخواستیں جمع کرنے کا اختیار نہ دے کوئی بھی شخص اپنا پاسپورٹ اور رقم کسی بھی بینک یا ٹور آپریٹر کے پاس جمع نہ کرائے۔

(جاری ہے)

اگر کوئی فرد یا ادارہ اس کا تقاضا کرے تو فوراً وزارت مذہبی امور و بین المذاہب ہم آہنگی کے دیئے گئے فون نمبروں پر رابطہ کریں تا کہ ان کے خلاف قانون کے مطابق ضروری تادیبی کارروائی کی جا سکے۔ ان ہدایات پر عمل نہ کرنے والا اپنے نقصان کا خود ذمہ دار ہو گا اور وزارت ِ مذہبی امور ہرگز ذمہ دار نہ ہو گی۔

اسلام آباد میں شائع ہونے والی مزید خبریں