کورین ورکرز پارٹی کا تحریک انصاف سے اہم رابطہ ، ڈپٹی ہیڈ آف مشن کی سیکرٹری جنرل امان اللہ خان سے ملاقات

کورین ورکرز پارٹی تحریک انصاف کے ساتھ باہمی تعاون پر مبنی تعلقات کی خواہاں ہے، رم سانگ ہو کی ملاقات میں گفتگو چیئر مین تحریک انصاف کو کورین قیادت کے جذبات پہنچائیں گے، مرکزی سیکرٹری جنرل کے چیف آف سٹاف کرنل (ر) امان اللہ خان

جمعرات 24 جنوری 2019 17:50

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 24 جنوری2019ء) کورین ورکرز پارٹی نے پاکستان تحریک انصاف سے اہم رابطہ کیااور اس سلسلے میں کورین ہائی کمیشن کے ڈپٹی ہیڈ آف مشن نے تحریک انصاف کے مرکزی دفتر میں مرکزی سیکرٹری جنرل کے چیف آف سٹاف کرنل (ر) امان اللہ خان سے ملاقات کی ۔کورین ورکرز پارٹی کی مرکزی کمیٹی کی جانب سے چیئرمین تحریک انصاف کے نام تہنیتی پیغام پہنچایا۔

رم سانگ ہو نے کہاکہ ورکرز پارٹی آف کوریہ کی مرکزی کمیٹی چیئرمین تحریک انصاف کیلئے نیک تمنائوں اور خواہشات کا اظہار کرتی ہے۔ رم سانگ ہو نے کہا کہ تحریک انصاف کے مرکزی سیکرٹریٹ آمد کا مقصد کورین قیادت کی جانب سے تحریک انصاف کی قیادت کیلئے خیر سگالی کے جذبات پہنچانا ہے۔رم سانگ ہو نے کہاکہ کورین ورکرز پارٹی تحریک انصاف کے ساتھ باہمی تعاون پر مبنی تعلقات کی خواہاں ہے۔

(جاری ہے)

رم سانگ ہو نے کہاکہ ورکرز پارٹی آف کوریا کی قیادت نے تحریک انصاف کی قیادت خصوصاً چیئرمین کو سالِ نو کی مبارکباد بھی بجھوائی ہے۔ کرنل(ر) امان اللہ خان کی طرف سے کورین ڈپٹی ہیڈ آف مشن کی تحریک انصاف کے مرکزی سیکرٹریٹ آمد کا شکریہ ا دا کیا گیا ۔ کرنل (ر) امان اللہ نے کہاکہ ڈیموکریٹک پیپلز ریپبلک آف کوریا اور کورین ورکرز پارٹی کی قیادت کی جانب سے بھیجے گئے خیر سگالی کے جذبات نہایت قابل قدر ہیں۔ انہوںنے کہاکہ تحریک انصاف کورین قیادت کے حوالے سے بھی اسی قسم کے جذبات رکھتی ہے۔کرنل(ر) امان اللہ نے کہاکہ چیئرمین تحریک انصاف کو کورین قیادت کے جذبات پہنچائیں گے۔

اسلام آباد میں شائع ہونے والی مزید خبریں