سپریم کورٹ نے ڈی آئی خان میں این ایچ اے کی جانب سے زمین ایکوائر کیس میں زمین کا معاوضہ بڑھانے بارے متائرین کی اپیل مستردکردی

پیر 23 ستمبر 2019 19:51

اسلام آباد ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 23 ستمبر2019ء) سپریم کورٹ نے ڈی آئی خان میں این ایچ اے کی جانب سے زمین ایکوائر کرنے سے متعلق کیس میں زمین کا معاوضہ بڑھانے سے متعلق متائرین کی اپیل مستردکردی اور 20 لاکھ روپے فی کنال قیمت برقرار رکھتے ہوئے چیف سیکرٹری کوہدایت کی کہ اس حوالے سے فیصلہ پر عمل در آمد کرکے عدالت کو رپورٹ پیش کی جائے۔

پیرکو جسٹس مشیر عالم اورجسٹس فائز عیسٰی پرمشتمل دو رکنی بینچ نے کیس کی سماعت کی۔ یادرہے کہ این ایچ اے ڈیرہ اسماعیل خان میں ہائی ویز کیلئے زمین ایکوائر کر رہی ہے جس کے لئے کلکٹر نے زمین کی قیمت 4 لاکھ 85 ہزار روپے فی کنال مقرر کی تاہم ہائی کورٹ نے قیمت بڑھا کر20 لاکھ روپے فی کنال کر دی تھی جس کے خلاف متاثرین نے سپریم کورٹ میں اپیل دائر کرتے ہوئے 80 لاکھ روپے فی کنال کرنے کی استدعا کی تھی۔

(جاری ہے)

سماعت کے دوران جسٹس فائز عیسیٰ نے درخواست گزار کے وکیل سے کہا کہ این ایچ اے جب زمین ایکوائر کرتا ہے تو زمین کی قیمت بڑھتی نہیں بلکہ کم ہو جاتی ہے۔ اس کے ساتھ این ایچ اے دکانیں، پیٹرول پمپ بنانے کی اجازت بھی نہیں دیتا تاہم عام شاہراہوں پر زمین ایکوائر ہونے پر قیمت بڑھتی ہے۔ این ایچ اے انٹری اور ایگزٹ بھی صرف مخصوص مقامات سے دیتا ہے۔ جسٹس مشیر عالم کی سربراہی میں تین رکنی بینچ نے کیس کی سماعت کی۔ بعدازاں عدالت نے متاثرین کی جانب سے زمین کی قیمت 80 لاکھ روپے فی کنال کرنے کی استدعا مسترد کرتے ہوئے ہائی کورٹ کے فیصلہ کے مطابق معاوضہ 20 لاکھ فی کنال برقرار رکھا اورکیس نمٹا دیا۔

اسلام آباد میں شائع ہونے والی مزید خبریں