سپریم کورٹ نے چار سالہ بچی کے ساتھ زیادتی کے مبینہ ملزم کی جانب اپنی ضمانت کیلئے دائر درخواست واپس لینے کی بنیاد پر خارج کر دی

جمعرات 14 نومبر 2019 20:51

اسلام آباد ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 14 نومبر2019ء) سپریم کورٹ نے اسلام آباد میں چار سالہ بچی کے ساتھ زیادتی کرنے کے مبینہ ملزم کی جانب اپنی ضمانت کیلئے دائر درخواست واپس لینے کی بنیاد پر خارج کر دی ہے۔جمعرات کوچیف جسٹس آصف سعید خان کھوسہ کی سربراہی میں تین رکنی بنچ نے درخواست کی سماعت کی۔ یاد رہے کہ عباس نامی ملزم پر چار سالہ بچی کے ساتھ زیادتی کرنے کے الزام کے تحت تھانہ بارہ کہو میں مقدمہ درج کیاگیا تھا۔

گرفتاری کے بعد ہائیکورٹ سے ضمانت کی درخواست خارج ہونے پر ملزم نے سپریم کورٹ سے رجوع کیا تھا۔

(جاری ہے)

سماعت کے دوران ایڈووکیٹ جنرل اسلام آباد نے کیس کے بارے میںعدالت کو بتایاکہ مقدمہ میں نامزد ہونے کے باعث اب تک ملزم کی شناختی پریڈ نہیں ہوسکی ہے۔جبکہ ملزم کے وکیل نے موقف اپنایاکہ اس کیس میںمزید انکوائری کی ضرورت ہے، کیونکہ ابھی تک کیس میں شامل مزید ڈی این ایز کی تفصیلات نہیں مل سکی ہیں،اس کے ساتھ چارسالہ بچی کے بیان پربھی انحصار نہیں کیا جا سکتا۔ جس پرچیف جسٹس نے کہااگر اس کیس میںمزید انکوائری کی ضرورت ہے توبہتر ہوگا کہ ملزم کی جانب سے دائر درخواست واپس لے لی جائے ورنہ ٹرائل پر اس کا اثر پڑے گا،بعدازاں عدالت نے درخواست واپس لینے کی بنیاد پرخارج کردی۔

اسلام آباد میں شائع ہونے والی مزید خبریں