نیشنل ہائی ویز اینڈ موٹروے پولیس کی جانب سے اسلامک انٹرنیشنل یونیورسٹی میں روڈ سیفٹی سیمینار کا انعقاد

روڈ سیفٹی پر عمل کرکے ہم ہزاروں قیمتی جان بچا سکتے ہیں سیکٹر کمانڈر(ایم ٹو نوتھ)عاشق حسین چوہان

بدھ 27 جنوری 2021 22:29

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 27 جنوری2021ء) نیشنل ہائی ویز اینڈ موٹروے پولیس کی جانب سے اسلامک انٹرنیشنل یونیورسٹی اسلام آباد میں روڈ سیفٹی سیمینار کا انعقاد کیا گیا سمینار میں یونیورسٹی کے ٹرانسپورٹ سیکشن کے ڈرائیور،متعلقہ افراد اور موٹروے پولیس افسران نے کثیر تعداد میں شرکت کی۔سیمینار کے مہمان خصوصی سیکٹر کمانڈر ایم ٹو نارتھ عاشق حسین چوہان تھے۔

سیمینار کے شرکاء کو موٹروے پولیس کے انسپکٹر عمران شاہ نے روڈ سیفٹی پریزنٹیشن دی۔جس کے بعد شرکاء سے خطاب کرتے ہوئے مہمان خصوصی سیکٹر کمانڈر نے کہا کہ ہم ٹریفک قوانین پر عمل کرتے ہوئے ہزاروں قیمتی جان بچا سکتے ہیں بالخصوص موٹر وے پر ٹریفک قوانین کی مکمل پاسداری کرنی ہوگی کیونکہ موٹروے عام سڑکوں کی نسبت مختلف ہے اور ہائی سپیڈ روڈ ہے لہذا موٹروے پر غلطی کی گنجائش کم ہوتی ہے۔

(جاری ہے)

انہوں نے عوام کے لئے پیغام دیا کہ موٹروے پر کسی قسم کی رکاوٹ نہیں جس کی وجہ سے ڈرائیور کو نیند آنے کا خدشہ ہوتا ہے اور حادثے کے امکانات بڑھ جاتے ہیں لہٰذا سفر شروع کرنے سے پہلے اس بات کو یقینی بنائیں کہ ڈرائیور کی نیند پوری ہو۔ڈرائیور، لمبے سفر کے دوران ہر دو گھنٹے کے بعد لازمی کچھ دیر آرام کرے۔موٹروے پولیس کی ہر ممکن کوشش جاری ہے کہ لوگوں میں روڈ سیفٹی شعور اجاگر کیا جائے تاکہ روڈ پر ہونے والے حادثات میں کمی لائی جا سکے۔

مزید ان کا کہنا تھا کیوں کہ اسلامک انٹرنیشنل یونیورسٹی کا ٹرانسپورٹ وئنگ 90 سے زائد بسوں پر مشتمل ہے اور روزانہ کی بنیاد پر سینکڑوں طلباء آپ پر ساتھ سفر کرتے ہیں اس بنیاد پر آپ کی ذمہ داری مزید بڑھ جاتی ہے۔ سیمینار کے آخر میں اسلامک انٹرنیشنل یونیورسٹی کہ وائس پریذیڈنٹ نبی بخش جمانی نے موٹر وے پولیس کی اس کاوش کو سراہتے ہوئے شکریہ ادا کیا اور اس بات کا یقین دلایا کہ آج دی گئی معلومات پر اور ٹریفک قوانین پر وہ خود بھی عمل کریں گے اور دوسروں کو بھی نصیحت کریں گے اور آئندہ بھی ہم اپنے ادارے میں موٹروے پولیس کے ساتھ مل کر اسی قسم کے پروگرام جن میں روڈ سیفٹی کے بارے میں آگاہی دی جاتی ہے اس کا سلسلہ جاری رکھیں گے۔

سیمینار کے اختتام پر مہمان خصوصی کو سووینئر پیش کئے گئے۔

اسلام آباد میں شائع ہونے والی مزید خبریں