اڈیالہ جیل میں 190 ملین پائونڈ ریفرنس کی سماعت ملتوی، بانی پی ٹی آئی اور بشری بی بی کے طبی معائنے کی درخواستیں منظور

جمعہ 19 اپریل 2024 21:30

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 19 اپریل2024ء) احتساب عدالت اسلام آباد نے اڈیالہ جیل میں 190 ملین پائونڈ ریفرنس کی سماعت ملتوی کرتے ہوئے بانی پی ٹی آئی اور بشریٰ بی بی کے طبی معائنے کی درخواستیں عدالت نے منظور کر لیں۔جمعہ کے روز احتساب عدالت کے جج ناصر جاوید رانا نے اڈیالہ جیل میں سماعت کی جس کے دوران بانی پی ٹی آئی اور بشری بی بی کو عدالت پیش کیاگیا۔

دوران سماعت عدالت نے بشری بی بی کا انڈوسکوپی ٹیسٹ نجی ہسپتال سے دو روز میں کروانے کا حکم دیتے ہوئے کہاکہ بشری بی بی کا انڈوسکوپی ٹیسٹ ڈاکٹر عاصم یونس اور سرکاری ڈاکٹر کی زیر نگرانی کروایا جائے۔ دوران سماعت جج ناصر جاوید رانا نے عدالت میں نصب اضافی دیواروں کو فوری ختم کرنے کا حکم دے دیا اور جیل انتظامیہ کو ہدایت کی کہ جب تک دیواریں ہٹائی نہیں جاتیں سماعت آگے نہیں بڑھائی جائے گی اور سماعت میں ایک گھنٹے کا وقفہ کیا گیا۔

(جاری ہے)

وقفہ کے دوران عدالت میں نصب کچھ لکڑی کی دیواروں کو جیل انتظامیہ نے ہٹا دیا جس کے بعد سماعت کے دوران وکلاء صفائی کی جانب سے دوران سماعت میڈیا کو مشکلات سے متعلق درخواست دائر کی گئی جس پر جج ناصر جاوید رانا نے میڈیا نمائندگان کو روسٹرم پر بلا لیااور عدالتی حکم پر بانی پی ٹی آئی بھی روسٹرم پر آ گئے۔ جج نے میڈیا نمائندگان سے سماعت میں درپیش مشکلات سے متعلق استفسارکیا جس پر انہیں بتایاگیا کہ عدالتی کارروائی سننے میں مشکلات ہیں،اس پر عدالت نے جیل انتظامیہ کو اقدامات کی ہدایت کرتے ہوئے ریفرنس پر سماعت 23 اپریل تک ملتوی کر دی۔

اسلام آباد میں شائع ہونے والی مزید خبریں