اردو کے معروف شاعر محسن نقوی کی سالگرہ 5 مئی کو منائی جائے گی

جمعہ 26 اپریل 2024 13:23

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 26 اپریل2024ء) اردو کے معروف شاعر محسن نقوی کی سالگرہ 5 مئی کو منائی جائے گی۔ ان کا مکمل نام سید غلام عباس جبکہ محسن تخلص اور لفظ نقوی کو وہ تخلص کے ساتھ استعمال کرتے تھے۔ بحیثیت ایک شاعر انہوں نے اپنے نام کو محسن نقوی میں تبدیل کر لیا اور اِسی نام سے مشہور ہوئے۔ محسن نقوی 5، مئی 1947ء کو محلہ سادات، ڈیرہ غازی خان میں پیدا ہوئے ۔

محسن نقوی شاعری کے علاوہ مرثیہ نگاری میں بھی مہارت رکھتے تھے۔ ان کی تصانیف میں بند قبا،عذاب دید، خیمہ جان، برگ صحرا، طلوع اشک، حق ایلیا، رخت شب ،ریزہ حرف ، موج ادراک اور دیگر شامل ہیں۔ ان کی شاعری میں رومان اور درد کا عنصر نمایاں تھا۔ ان کی رومانوی شاعری نوجوانوں میں بھی خاصی مقبول تھی۔

(جاری ہے)

ان کی کئی غزلیں اور نظمیں آج بھی زبان زد عام ہیں اور اردو ادب کا سرمایہ سمجھی جاتی ہیں۔

محسن نقوی نے بڑے نادر اور نایاب خیالات کو اس طرح اشعار کا لبادہ پہنایا کہ شاعری کی سوجھ بوجھ رکھنے والا دنگ رہ جاتا ہے۔ محسن نقوی کی ادبی و علمی خدمات کے عتراف میں 1994ء میں حکومت پاکستان نے انھیں صدارتی تمغا برائے حسن کارکردگی عطا کیا تھا۔ اردو ادب کا دمکتا چراغ 15 جنوری 1996ء کو مون مارکیٹ لاہور میں اپنے دفتر کے باہر دہشت گردوں کی فائرنگ سے بجھ گیا ۔ محسن نقوی کی سالگرہ کی مناسبت سے علمی و ادبی حلقوں کے زیر انتظام مختلف تقریبات میں ان کو خراج تحسین پیش کیا جائے گا۔

متعلقہ عنوان :

اسلام آباد میں شائع ہونے والی مزید خبریں