پاکستان میں بینائی سے محروم افراد کی تنظیم کا آئندہ بجٹ میں بینائی سے محروم افراد کے لئے خصوصی ریلیف دینے کا مطالبہ

پیر 13 مئی 2024 16:48

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 13 مئی2024ء) پاکستان میں بینائی سے محروم افراد کی تنظیم نے آئندہ بجٹ میں بینائی سے محروم افراد کے لئے خصوصی اقدامات اٹھانے کا مطالبہ کیاہے۔ پاکستان ایسوسی ایشن آف ویژولی ہینڈی کیپڈ ،اسلام آبادکے صدر خالد محمود باجوہ نےاپنے ایک بیان میں کہا کہ بینائی سے محروم افراد معاشرے کا سب سے زیادہ مستحق طبقہ ہےلیکن انہیں بجٹ میں اکثر نظر انداز کیا جاتا ہے ،ایسوسی ایشن نےان کے معیار زندگی کو بہتر بنانے کے لئے مختلف تجاویز پیش کی ہیں۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ خصوصی ملازمین کے لئے موجودہ تنخواہ میں پچاس فیصد کا خصوصی الائونس دیا جائے کیونکہ ان کی تنخواہیں بہت کم ہیں اور یہ افراد جزوقتی طور پر کام نہیں کر سکتےاور مکمل طور پر تنخواہوں پر انحصار کرتے ہیں۔ انہوں نے ریٹائرڈ خصوصی ملازمین کی پنشن میں اضافہ کا بھی مطالبہ کیا ۔ انہوں نے 18 سال اور زائد کے خصوصی افراد کو سرکاری ملازمتیں دینے اوربے روزگار خصوصی افراد کے لئے ماہانہ پانچ ہزار روپے ریگولر الائونس دینے کا مطالبہ کیا۔ انہوں نے کہا کہ 18 سال سے کم عمر کے خصوصی بچوں کو پانچ ہزار روپے کیئر الائونس دیا جائے جس طرح کے فلاحی ریاستوں میں دیا جاتا ہے۔

متعلقہ عنوان :

اسلام آباد میں شائع ہونے والی مزید خبریں