ایس ای سی پی کی ڈیجیٹلائزیشن دوسرے مرحلے میں داخل، ریگولیٹری منظوریوں اور لائسنسنگ کی آٹومیشن کی جائے گی

جمعرات 16 مئی 2024 19:30

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 16 مئی2024ء) سکیورٹیز اینڈ ایکسچینج کمیشن آف پاکستان (ایس ای سی پی)کی ڈیجیٹلائزیشن کے دوسرے مرحلے کا آغاز کر دیا گیا ہے جس کے تحت ریگولیٹری منظوریوں اور لائسنسنگ کے نظام کو خودکار بنایا جائے گا۔ ڈیجیٹلائزیشن کے دوسرے مرحلے میں سب سے پہلے انشورنس کمپنیوں کی لائسنسنگ اور ریگولیٹری منظوریوں کی آٹومیشن کی جائے گی جس کے بعد مرحلہ وار نان بینکنگ فائنانس کمپنیوں، سکیورٹیز مارکیٹ، اور سیکشن 42 کمپنیوں کی مکمل آٹومیشن ہو گی۔

ڈیجیٹلائزیشن کے پہلے مرحلے میں ایس ای سی پی نے کامیابی کے ساتھ نئی کارپوریٹ رجسٹری، "eZfile" کا اجراء کیا، جو کہ کمپنی کی رجسٹریشن اور پوسٹ کارپوریشن فائلنگ کے لیے ایک جدید اور صارف دوست آن لائن پورٹل ہے۔

(جاری ہے)

ڈیجیٹائزیشن کے دوسرے مرحلے کو شروع کرنے کے لئےایس ای سی پی نے اپنے ٹیکنالوجی پارٹنر ٹیکلوجکز پاکستان اور پروجیکٹ کنسلٹنٹس ارنسٹ اینڈ ینگ کے ساتھ مل کر تمام متعلقہ سٹیک ہولڈرز کے لئے موضوعی ورکشاپ منعقد کی گئی جس میں مختلف ریگولیٹری پراسیس کے آن لائن سلوشن تجویز کئے گئے اور شرکاء سے ان کی آراء لی گئیں۔

اس ورکشاپ کا مقصد صارف کی ضروریات کو سمجھنا اور اطمینان بخش حل فراہم کرنا ہے۔ اس موقع پر شرکاء سے خطاب کرتے ہوئے ایس ای سی پی کے چیئرمین عاکف سعید نے کہا کہ ایس ای سی پی اپنے تمام ریگولیٹری پراسیس میں شفافیت اور جوابدہی کو یقینی بنانے کے ساتھ ساتھ کاروبار کرنے میں آسانی پیدا کرنے، ریگولیٹری سہولت کو یقینی بنانے اور صارفین کو زیادہ سے زیادہ آسانی فراہم کرنے کےلئے کوشاں ہے۔

ایس ای سی پی کے کمشنر انفارمیشن سسٹمز اینڈ ٹیکنالوجی عامر خان نے کہا کہ ایس ای سی پی اپنے سسٹم اور وسائل کو اپ گریڈ کر رہا ہے تاکہ جدید ترین ٹیکنالوجی اور ڈیٹا پر مبنی فیصلہ سازی کی جا سکے۔ ورکشاپ میں ایس ای سی پی، سی ڈی سی، میوچل فنڈز، بروکرز، سرویئرز اور دیگر ریگولیٹڈ اداروں کے شرکاء نے مختلف ڈیجیٹل سلوشنز اور ریگولیٹری منظوریوں اور لائسنسنگ کے مجوزہ آن لائن طریقہ کار بارے اپنی تجاویز دیں۔

اسلام آباد میں شائع ہونے والی مزید خبریں