وفاقی دارالحکومت کے دیہی علاقہ میں روٹی 16 اور نان 20 روپے جبکہ شہری علاقہ میں روٹی 18 اور نان 22 روپے میں فروخت ہوگی، ضلعی انتظامیہ

جمعرات 16 مئی 2024 20:20

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 16 مئی2024ء) اسلام آباد انتظامیہ اور نان بائی ایسوسی ایشن کے درمیان نان اور روٹی کی نئی قیمت طے پا گئی، وفاقی دارالحکومت کے رورل ایریا میں روٹی 16 اور نان 20 روپے جبکہ اربن ایریا میں روٹی 18 اور نان 22 روپے میں فروخت ہوگی ، نان بائی ایسوسی ایشن نے متفقہ قیمت سے عدالت کو آگاہ کر دیا۔ درخواست واپس لینے پر عدالت نے درخواست نمٹا دی ۔

(جاری ہے)

روٹی کی قیمت کے تعین سے متعلق درخواست پر جسٹس طارق محمد جہانگیری نے سماعت کی ،نان بائی ایسوسی ایشن اور سرکاری وکیل نے عدالت کو روٹی کی نئی متفقہ قیمت سے آگاہ کر دیا۔ عدالت نے ریمارکس دیئے کہ یہ تو خوش آئند بات ہے کہ روٹی کی قیمت متفقہ طور پر مقرر کر دی گئی ہے ، ہمارے خلاف پریس کانفرنسز ہو رہی تھیں کہ ہم نان اور روٹی کی قیمت کے پیچھے ہی پڑ گئے ہیں۔ عدالت نے نان بائی ایسوسی ایشن کے گرفتار افراد کو فوری رہا کرنے اور سیل کیے گئے تندور کھولنے کا حکم دیا۔ انتظامیہ سے مذاکرات کامیاب ہونے پر نان بائی ایسوسی ایشن نے اپنی درخواست واپس لے لی جس کے بعد عدالت نے کیس نمٹا دیا۔

اسلام آباد میں شائع ہونے والی مزید خبریں