ایشیائی ترقیاتی بینک کی جانب سے معاشی استحکام کو فروغ دینے کے لیے پاکستان کی حکومت کے فعال اقدامات اور کوششوں کی تعریف، وزیرخزانہ سے بینک کے متبادل ایگزیکٹوڈائریکٹرز کی ملاقات

جمعرات 16 مئی 2024 21:20

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 16 مئی2024ء) ایشیائی ترقیاتی بینک (اے ڈی بی)نے معاشی استحکام کو فروغ دینے کے لیے پاکستان کی حکومت کے فعال اقدامات اور کوششوں کوسراہاہے۔ یہ بات ایشیائی ترقیاتی بینک کے متبادل ایگزیکٹو ڈائریکٹرز نے جمعرات کویہاں وفاقی وزیر خزانہ و محصولات سینیٹر محمد اورنگزیب سے ملاقات میں کہی۔ ملاقات میں پاکستان اور ایشیائی ترقیاتی بینک کے درمیان جاری اور مستقبل کے تعاون پر تبادلہ خیال کیا گیا۔

وزیر خزانہ نے وفد کے ارکان کا خیرمقدم کیا اور پاکستان کے معاشی حالات میں بہتری پر روشنی ڈالی۔ وفاقی وزیر نے ٹیکس کی بنیاد میں وسعت اور ٹیکس کے نظام کو ڈیجیٹل بنانے کی ضرورت اور اہمیت پر روشنی ڈالی ۔ انہوں نے بتایا کہ ایف بی آر کی ڈیجیٹلائزیشن میں معاونت کے لیے میکنزی اینڈ کمپنی کی خدمات حاصل کی گئی ہیں جس سے نہ صرف ریونیو بلکہ ٹیکس وصولی کے نظام کی شفافیت میں بھی اضافہ ہوگا۔

(جاری ہے)

وزیر خزانہ نے سرکاری کاروباری اداروں میں اصلاحات اور نجکاری کے ایجنڈے کے لیے حکومت کے عزم کااعادہ کیا۔ ایشیائی ترقیاتی بینک کے وفد نے معاشی استحکام کو فروغ دینے کے لیے پاکستان کی کوششوں کی تعریف کی۔ انہوں نے پاکستان کی اقتصادی رفتار پر اعتماد کا اظہار کیا اور اس کی ترقی اور تعاون کے لیے بینک کے عزم کا اعادہ کیا۔ وزیر خزانہ نے ایشیائی ترقیاتی بینک کے وفد کے دورے اور پاکستان کی معاشی بحالی و ترقی کی کوششوں میں مسلسل تعاون پر ان کا شکریہ ادا کیا۔ انہوں نے وزارت خزانہ کی جانب سے شروع کیے جانے والے مختلف اقدامات میں بینک کی ٹیم کی مدد اور تعاون کا اعتراف بھی کیا۔

اسلام آباد میں شائع ہونے والی مزید خبریں