اسلام آباد،خفیہ معلومات غیر ملکی سفارتکار کو دینے کے الزام میں اے ایس آئی کو 3 سال قید کی سزا

ہفتہ 18 مئی 2024 18:40

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 18 مئی2024ء) غیر ملکی سفیر کو خفیہ دستاویزات فراہم کرنے کے کیس میں آفیشل سیکریٹ ایکٹ کے تحت قائم کی گئی خصوصی عدالت نے اسلام آباد پولیس کے اسسٹنٹ سب انسپکٹر (اے ایس آئی)ظہور احمد کو 3 سال قید کی سزا سنادی۔میڈیا رپورٹ کے مطابق غیر ملکی سفیر کو خفیہ دستاویزات فراہم کرنے کے کیس کی سماعت ہوئی، آفیشل سیکریٹ ایکٹ کے تحت قائم کی گئی خصوصی عدالت کے جج طاہر عباس سپرا نے سماعت کی۔

(جاری ہے)

سماعت کے دوران اسلام آباد پولیس کے اسسٹنٹ سب انسپکٹر (اے ایس آئی)ظہور احمد کے خلاف غیر ملکی سفیر کو خفیہ دستاویزات فراہم کرنے کا الزام ثابت ہوگیا۔آفیشل سیکرٹ کی خصوصی عدالت نے کیس کا فیصلہ سناتے ہوئے پولیس اہلکار کو 3 سال قید کی سزا سنادی۔عدالت کی جانب سے فیصلہ سنائے جانے کے بعد ظہور احمد کو کمرہ عدالت سے گرفتار کرلیا گیا۔واضح رہے کہ 2021میں ایف آئی اے کے انسداد دہشت گردی وِنگ نے غیر ملکی سفارتکار سے حساس معلومات کا تبادلہ کرنے والے اسلام آباد پولیس کے اسسٹنٹ سب انسپکٹر کو گرفتار کیا تھا، ملزم گولرا پولیس اسٹیشن میں بطور اے ایس آئی تعینات تھا اور ایجنسی اس کی نگرانی کر رہی تھی۔

اسلام آباد میں شائع ہونے والی مزید خبریں