اسلام آباد پولیس کا نجی کمپنی کے اشتراک سے موٹر سائیکل سواروں کی روڈ سیفٹی کےلیے جاری تین روزہ مہم اختتام پذیر ہو گئی

ہفتہ 18 مئی 2024 23:28

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 18 مئی2024ء) اسلام آباد پولیس کا نجی کمپنی کے اشتراک سے موٹر سائیکل سواروں کی روڈ سیفٹی کےلیے جاری تین روزہ مہم اختتام پذیر ہو گئی،مہم کا بنیادی مقصد ٹریفک قوانین پر عمل درآمد کو یقینی بنانا،ٹریفک کی روانی کو برقرار رکھنا اور شہریوں کی حفاظت کے ساتھ ٹریفک قوانین کی خلاف ورزیوں پر قابو پا ناتھا۔

ہفتہ کو ترجمان اسلام آبادپولیس کے مطابق انسپکٹر جنرل آف پولیس اسلام آباد سید علی ناصر رضوی کے خصوصی احکامات پر اسلام آباد ٹریفک پولیس نے نجی کمپنی کے اشتراک سے موٹر سائیکل سواروں کے لیے دو روزہ خصوصی مہم کا آغاز کیا تھا،اس خصوصی مہم میں اسلام آباد پولیس نے نجی کمپنی کے تعاون سے موٹر سائیکل سواروں کو روڈ سیفٹی اور ٹریفک قوانین سے متعلق خصوصی آگاہی فراہم کی ،مہم کے پہلے مرحلے میں شہریوں کو ہیلمٹ ،سائیڈ والے شیشوں،اشارے،ہیڈلائٹ ،پچھلی لائٹ اور سپیڈ میٹر کے بغیر موٹر سائیکل چلانے کے خطرات اور اس سے ہونے والے ٹریفک حادثات سے متعلق خصوصی آگاہی فراہم کی گئی ،جبکہ شہریوں کے خراب موٹر سائیکلوں کی مرمت کو بھی یقینی بنایا گیا۔

(جاری ہے)

اس موقع پرایس ایس پی ٹریفک اسلام آباد محمد سرفراز ورک نے کہا کہ اسلام آبادپولیس شہربھر میں ٹریفک کے مربوط نظام کو یقینی بنانے اور شہریوں کو سفری سہولیات فراہم کرنے کے لیے خصوصی اقدامات کر رہی ہے،اس سلسلہ میں خصوصی پولیس دستے بھی تشکیل دیئے گئے ہے جو موٹر سائیکل سواروں کوروڈ سیفٹی اور ٹر یفک قوانین سے متعلق خصوصی آگاہی فراہم کر رہے ہیں،مہم کے دوسرے مرحلے میں ہیلمٹ کے بغیر موٹر سائیکل سواروں ،سائیڈ والے شیشوں ،اشاروں اور سپیڈ میٹر کے بغیراور ناقص آلات کے ساتھ موٹر سائیکل چلانے والوں کے خلاف قانونی کاروائیاں بھی عمل میں لائی جائیں گی۔

انہوں نے مزید کہا کہ اس خصوصی مہم کا بنیادی مقصد شہریوں کو ہر ممکن تحفظ فراہم کرنا اور انہیں سڑک پر اپنی اور دوسروں کی حفاظت کو یقینی بنانے اور ٹریفک کے قوانین سے متعلق آگاہ کرنا تھاتاکہ وفاقی دارلحکومت میں ٹریفک کی روانی کو برقرار رکھنے کے ساتھ شہریوں کو حادثات سے بھی محفوظ رکھا جاسکے۔

اسلام آباد میں شائع ہونے والی مزید خبریں