انگور کے باغبانوں کو پودوں کی فوری شاخ تراشی کی ہدایت

پیر 11 دسمبر 2023 19:21

جڑانوالہ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 11 دسمبر2023ء)ریسرچ انفارمیشن یونٹ ایوب زرعی تحقیقاتی ادارہ فیصل آباد کے ماہرین اثمارنے انگور کے باغبانوں کو دسمبر کے دوران پودوں کے خوابیدگی کی حالت میں چلے جانے کے باعث فوری شاخ تراشی کی ہدایت کی ہے۔انہوں نے کہا کہ چونکہ دسمبر کے دوران انگور کے پودے خوابیدگی کی حالت میں چلے جاتے ہیں اس لئے فوری طور پر ان کی شاخ تراشی کا عمل شروع کردیں تاکہ انگور کا بہتر اور صحت مند،لذیزو ذائقہ دار پھل حاصل کیا جا سکے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ دسمبر اور جنوری میں انگور کے باغات کی کم از کم ایک ایک بار آبپاشی بھی ضروری ہے، باغبان نئے باغات کے لئے گڑھے کھودنے سمیت ان گڑھوں میں 5 لیٹرفیپرونل فی ایکڑ یا کلور پائری فاس2 لیٹر فی ایکڑ ڈالیں تاکہ دیمک کو کنٹرول کیا جاسکے۔ انہوں نے کہا کہ باغبان 4 سال سے کم عمر پودوں کو 10 کلو گرام اور اس سے زائد عمر کے پودوں کو 20 کلو گرام فی پودا گوبر کی گلی سڑی کھاد بھی ڈالیں تاکہ پودے کی غذائی ضروریات پوری ہونے سے انگور کی شاندار پیداوار یقینی بنائی جا سکے۔

جڑانوالہ میں شائع ہونے والی مزید خبریں