پہلے قوم سے ان کی پسند، ان کے ووٹ کا حق چھیننے والے معافی مانگیں، ڈاکٹر یاسمین راشد

9 مئی کی آڑ میں چادر اور چار دیواری کی عزت کو پامال کرنے والے معافی مانگیں، کیڑے والی گندم منگوا کر قوم کا پیسہ ضائع کرنے والے معافی مانگیں۔ پی ٹی آئی رہنماء کا بیان

Sajid Ali ساجد علی بدھ 8 مئی 2024 13:04

پہلے قوم سے ان کی پسند، ان کے ووٹ کا حق چھیننے والے معافی مانگیں، ڈاکٹر یاسمین راشد
لاہور ( اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ 08 مئی 2024ء ) پاکستان تحریک انصاف کی رہنماء ڈاکٹر یاسمین راشد نے مطالبہ کیا ہے کہ پہلے قوم سے ان کی پسند، ان کے ووٹ کا حق چھیننے والے معافی مانگیں۔ انسداد دہشت گردی کی عدالت میں پیشی کے دوران جاری کردہ اپنے ایک بیان میں انہوں نے کہا کہ الیکشن چوری کرنے والے قوم سے معافی مانگیں، فارم 47 پر جعلی حکومت بنوانے والے پہلے قوم سے معافی مانگیں، 9 مئی کی آڑ میں چادر اور چار دیواری کی عزت کو پامال کرنے والے معافی مانگیں، لوگوں کے پسندیدہ لیڈر اور ان کی پارٹی کو ختم کرنے کی سازش کرنے والے معافی مانگیں۔

سابق صوبائی وزیر کا یہ بھی کہنا ہے کہ کیڑے والی گندم منگوا کر قوم کا پیسہ ضائع کرنے والے معافی مانگیں، کسان سے ان کی اجرت چھیننے والے معافی مانگیں، ان کی محنت کو ضائع کرنے والے معافی مانگیں، ابھی تک صرف پنجاب کی نا اہل نا لائق فارم 47 کی حکومت نے گندم کی خریداری شروع نہیں کی، باقی سب صوبوں میں خریداری شروع ہوچکی ہے، پنجاب حکومت نے پہلے کسانوں کو زیادہ گندم اگانے کیلئے کہا اور اب ان کی محنت و خون پسینے کی کمائی کو آگ لگانے کی کوشش کی جا رہی ہے، کسان آج کل سڑکوں پر رل رہے ہیں چیف جسٹس صاحب انہیں کون پوچھے گا؟ مجھے جیل میں بلیوں اور چھپکلیوں سے مقابلہ کرنا پڑتا ہے، آدھا دن مقابلے میں جب کہ آدھا دن کتابیں پڑھنے میں گزرتا ہے، لیکن میرا پیغام دے دیں باہر کہ میں جیل میں خوش ہوں جتنی زیادتیاں کرنی ہیں کرو۔

(جاری ہے)

بتایا گیا پے کہ سابق صدر پاکستان ڈاکٹر عارف علوی پولیس کی سخت سکیورٹی میں انسدادِ دہشت گردی عدالت پہنچے، جہاں سابق صدرِ پاکستان عارف علوی نے پی ٹی آئی رہنما ڈاکٹر یاسمین راشد، سابق گورنر پنجاب عمر سرفراز چیمہ، سابق اپوزیشن لیڈر پنجاب اسمبلی میاں محمود الرشید اور سینیٹر اعجاز چوہدری سے ملاقات کی اور اور عمران خان کے ساتھ کھڑے رہنے پر انہین خراج تحسین پیش کیا، اس موقع پر میدیا سے گفتگو میں سابق صدر پاکستان نے کہا کہ میں ڈی جی آئی ایس پی آر سے مکمل اتفاق کرتا ہوں کہ کمیشن بنائیں اور 9 مئی کےذمہ داروں کوسزا ملنی چاہیے مگر دوسروں کو سنے بغیر کہنا کہ ہمارے پاس ثبوت ہیں ہم سزا دیں گے یہ بات قرآن کے بھی خلاف ہے اور یہ بات میں اسٹیبلشمنٹ کو کہہ چکا ہوں۔

لاہور میں شائع ہونے والی مزید خبریں