یونیورسٹی آف جھنگ کے تحت رواں سال کے دوران کلاسز کا اجراء کر دیا جا ئیگا۔ صوبائی وزیر

بدھ 13 ستمبر 2017 22:58

جھنگ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 13 ستمبر2017ء)صوبائی وزیر ہائر ایجوکیشن سید رضا احمد گیلانی نے کہا ہے کہ یونیورسٹی آف جھنگ کے تحت رواں سال کے دوران کلاسز کا اجراء کر دیا جا ئیگا جس کیلئے عارضی طور پر غزالی کالج میں انتظامات کئے جارہے ہیں۔یونیورسٹی کے انتظامی و تعمیراتی امور کیلئے پہلے مرحلہ میں 15کروڑ روپے کے فنڈ مختص کئے گئے ہیںاور اس منصوبے کا پی سی ون کی منظوری آخری مراحل میں ہے۔

یہ بات انہوںنے یونیورسٹی آف جھنگ کے قیام اور ابتدائی کلاسز کے آغاز کے حوالہ سے منعقدہ اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کہی۔ اس موقع پر ڈویژنل کمشنر فیصل آباد ڈویژن مومن آغا، ڈپٹی کمشنر مدثرریاض ملک، ایم پی اے میاں محمد اعظم چیلہ ، شیخ فواد اکرم، ڈپٹی ڈائریکٹر کالجز اور مختلف یونیورسٹیوں کے پروفیسر بھی موجود تھے۔

(جاری ہے)

صوبائی وزیر ہائر ایجوکیشن سید رضا احمد گیلانی نے کہاکہ حکومت پنجاب کی تعلیمی شعبے میں انقلابی اقدامات سے اعلیٰ تعلیم کی سہولتیں پسماندہ اور دور دراز علاقوں تک پہنچائی جا رہی ہیں یونیورسٹی آف جھنگ بھی اسی سلسلہ کی ایک کڑی ہے۔

انہوںنے کہا کہ اس ضمن میں جھنگ اور اردگرد کے علاقوں کے طالبعلموں کو یونیورسٹی کی سطح کی اعلیٰ تعلیم کیلئے خاطر خواہ مواقع میسر آئینگے۔اس موقع پر پروفیسر ڈاکٹر حق نواز کویونیورسٹی آف جھنگ کا رجسٹرارمقررکیا گیا۔ صوبائی وزیر نے ڈویژنل و ضلعی انتظامیہ سے کہا کہ یونیورسٹی آف جھنگ کے منصوبے کی پیشرفت پر کڑی نظر رکھیں تاکہ یہ منصوبہ جلد سے جلد پایہ تکمیل تک پہنچ سکے۔انہوںنے مزید کہا کہ جھنگ کی سرزمین علم و ہنر کے لحاظ سے زرخیز ہے اس ضمن میں جھنگ کے طالبعلم یونیورسٹی آف جھنگ سے اعلیٰ تعلیم حاصل کر کے اپنے شعبوں میں نمایاں کارکردگی کا مظاہرہ کر سکیں گے۔

جھنگ میں شائع ہونے والی مزید خبریں