جھنگ‘ سرکاری ہسپتال ڈسٹرکٹ ہیڈکوارٹر ہسپتال کے الٹراساؤنڈ ڈیپارٹمنٹ میں کوئی خاتون اہلکار تعینات نہ ہونے پر ہزاروں پردہ دار خواتین کو شدید پریشانی کاسامنا‘ ارباب اختیار سے صورتحال کافوری نوٹس لیتے ہوئے زنانہ ٹیکنیشن تعینات کرنے کامطالبہ

جمعہ 24 جولائی 2015 15:16

جھنگ (اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ 24 جولائی۔2015ء ):ضلع جھنگ کے سب سے بڑے سرکاری ہسپتال ڈسٹرکٹ ہیڈکوارٹر ہسپتال کے الٹراساؤنڈ ڈیپارٹمنٹ میں کوئی خاتون اہلکار تعینات نہ ہونے پر ہزاروں پردہ دار خواتین کو شدید پریشانی کاسامنا ہے جس پر انہوں نے ارباب اختیار سے صورتحال کافوری نوٹس لیتے ہوئے زنانہ ٹیکنیشن تعینات کرنے کامطالبہ کیاہے۔ ڈسٹرکٹ ہیڈکوارٹر ہسپتال جھنگ کے شعبہ الٹراساؤنڈ میں مختلف میڈیکل افسران اور گائناکالوجسٹس کی ہدایت پر الٹراساؤنڈ کروانے والی خواتین مریضوں کی بڑی تعداد نے میڈیاسے بات چیت کے دوران کہاکہ مختلف ڈاکٹرز ان کیلئے الٹراساؤنڈ ٹیسٹ تجویز کرتے ہیں مگر جب وہ الٹراساؤنڈ ڈیپارٹمنٹ جاتی ہیں تو وہاں مرد اہلکار خواتین مریضوں کا الٹراساؤنڈ کرتے ہیں جس سے چادر کاتقدس پامال ہوتاہے اور بڑی تعداد میں خواتین الٹراساؤنڈ کروانے سے شرم محسوس کرتی ہیں۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہاکہ جو ڈاکٹرز ڈسٹرکٹ ہیڈکوارٹر ہسپتال جھنگ کے الٹراساؤنڈڈیپارٹمنٹ میں تعینات ہیں انہوں نے اپنے پرائیویٹ کلینکس پر تو خواتین مریضوں کے الٹراساؤنڈکیلئے خواتین سٹاف رکھاہواہے مگر سرکاری ہسپتال میں مردوں کے ذریعے ہی خواتین کاہر قسم کا الٹراساؤنڈ کروایاجارہاہے۔ انہوں نے کہاکہ اس اقدام سے حوا کی باپردہ بیٹیوں کاتقدس پامال ہو رہاہے مگر اعلیٰ انتظامی حکام اس ضمن میں مجرمانہ خاموشی اختیار کئے ہوئے ہیں۔

دریں اثناء جب اس ضمن میں ڈسٹرکٹ ہیڈکوارٹر ہسپتال جھنگ کے میڈیکل سپرنٹنڈنٹ سے رابطہ کیاگیا تو انہوں نے کوئی معقول جواب نہ دیااور کہاکہ چونکہ کوئی ٹرینڈ زنانہ اہلکار دستیاب نہیں اس لئے ہسپتال میں مرد اہلکاروں کے ذریعے ہی خواتین مریضوں کا الٹراساؤنڈ کیاجارہاہے تاہم اگر محکمہ صحت انہیں کوئی ٹرینڈ زنانہ سٹاف فراہم کردے تو اس کی تعیناتی کی جاسکتی ہے لیکن جب ان کی توجہ اس امر کی جانب مبذول کروائی گئی کہ ہسپتال میں سینکڑوں کی تعد اد میں زنانہ اہلکار اور نرسز وغیرہ موجود ہیں جن میں سے دو چار کو الٹراساؤنڈ کی مقامی سطح پر ٹریننگ دے کر ان کی خدمات سے استفادہ کیاجاسکتاہے تووہ اس کا کوئی تسلی بخش جواب نہ دے سکے۔

دریں اثناء جھنگ کے عوامی ، سیاسی ، سماجی حلقوں نے اعلیٰ حکام سے صورتحال کافوری نوٹس لینے اور ڈسٹرکٹ ہیڈکوارٹر ہسپتال جھنگ کے الٹراساؤنڈ ڈیپارٹمنٹ میں فوری طور پر خواتین مریضوں کے الٹراساؤنڈ کیلئے زنانہ سٹاف تعینات کرنے کامطالبہ کیاہے۔

جھنگ میں شائع ہونے والی مزید خبریں