/ جامعہ کراچی اور ایرانی جامعات کے طلبہ کو ایک دوسرے کی جامعات کے دورے کرنے چاہیئے،ایرانی قونصل جنرل احمد محمد ی

بدھ 16 اکتوبر 2019 23:35

کراچی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 16 اکتوبر2019ء) ایرانی قونصل جنرل احمد محمدی اور کلچرل اتاشی نے جامعہ کراچی کے وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر خالد محمودعراقی سے بدھ کے روزوائس چانسلر سیکریٹ میں ملاقات کی۔دوران ملاقات جامعہ کراچی اور ایرانی جامعات کے مابین تعلیمی اشتراک کو فروغ دینے پر زوردیا گیا۔ایرانی قونصل جنرل احمد محمد ی نے کہا کہ جامعہ کراچی اور ایرانی جامعات کے طلبہ کو ایک دوسرے کی جامعات کے دورے کرنے چاہیئے تاکہ وہ ایک دوسرے کے تجربات سے استفادکرسکے اور بھائی چارے کو فروغ دیا جائے۔

انہوں نے اس خواہش کا بھی اظہار کیا کہ ایرانی جامعات کے پروفیسر جامعہ کراچی آکر لیکچر دیں تاکہ پاکستانی طلبہ کو ایرانی ثقافت،تہذیب اور تاریخ کے بارے میں آگاہی مل سکے۔

(جاری ہے)

مشہد اور کراچی کو دونوں شہروں کے میئرز نے جڑواں شہر قراردیا ہے اسی لئے جامعہ کراچی اور مشہد کی جامعات کو باہمی اشتراک کے ذریعے سیمینارز ،کانفرنسزاور ورکشاپس کے انعقاد سے ان دونوں جامعات کے طلبہ کو ایک دوسرے کے قریب لانے کی ضرورت ہے۔

شیخ الجامعہ پروفیسر ڈاکٹر خالد محمود عراقی نے اس بات کو خوش آئند قراردیا کہ دونوں ممالک کی جامعات کے مابین تعلیمی اشتراک سے دونوں ممالک کے طلبہ کو ایک دوسرے کی ثقافت اور تہذیب سے شناسائی ہوگی اور باہمی مفادات کو فروغ ملے گا۔شیخ الجامعہ نے مزید کہا کہ بیرون ممالک کے طلبہ کو جامعہ کراچی نے ہمیشہ خوش آمدید کہا ہے اور جامعہ کراچی کے دروزاے ہمیشہ ان کے لئے کھلے رہیں گے ۔جامعہ کراچی میں اس وقت غیر ملکی طلباوطالبات کی کثیر تعداد زیر تعلیم ہے۔#

متعلقہ عنوان :

کراچی میں شائع ہونے والی مزید خبریں